اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پنجاب، کے پی انتخابات کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے 8 اکتوبر کو سب ٹھیک ، 8 ستمبر یا 8 اگست کیوں نہیں؟ اٹارنی جنرل، وزارت داخلہ و دفاع سے کم سے کم وقت میں انتخابات کا پوچھ کر بتائیں، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے 4 ججز نے پی ٹی آئی کی درخواستیں خارج کیں، ہمارے حساب سے فیصلہ 4 ججز کا ہے، چیف جسٹس نے آرڈر آف دی کورٹ جاری نہیں کیا، آرڈر آف دی کورٹ نہیں تھا تو صدر مملکت نے تاریخ کیسے دی اور الیکشن کمیشن نے شیڈول کیسے جاری کیا؟ (ن) لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یوآئی (ف) نے کیس میں پارٹی بننے کی متفرق درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی درخواست پر چیف جسٹس عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بنچ نے سماعت کی، سماعت کے آغاز پر پیپلز پارٹی کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک روسٹرم پر آئے اور عدالت کو آگاہ کیا درخواست میں فریق بننے کی درخواست دائر کردی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ اپنا موقف پیش کرنا چاہتے ہیں، آپکی درخواست پی ڈی ایم کی طرف سے ہے؟ فاروق ایچ نائیک نے کہا پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کا حصہ نہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پہلے الیکشن کمیشن کے وکیل کو سنیں گے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا الیکشن کمیشن آرڈر کے بغیر کیسے عمل کررہا ہے، 4 ججز میں سے 2 میرے بھی سینئر ہیں‘ چیف جسٹس نے جواب دیتے ہوئے کہا چلیں آپکی وضاحت آگئی، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا مجھے ابھی بات کرنی ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا انصاف ہوتا نظر آنا چاہئے، سماعت کیلئے فل کورٹ بنایا جائے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا فل کورٹ کیوں؟ وہی 7 ججز بنچ میں بیٹھنے چاہئیں‘ فاروق ایچ نائیک نے کہا فل کورٹ وقت کی ضرورت ہے، پہلے طے کرلیں فیصلہ 4/ 3 کا تھا یا 3/2 کا تھا، ساری قوم ابہام میں ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے4 ججز نے پی ٹی آئی کی درخواستیں خارج کیں، ہمارے حساب سے فیصلہ 4 ججز کا ہے، چیف جسٹس نے آرڈر آف دی کورٹ جاری نہیں کیا، جب آرڈر آف دی کورٹ نہیں تھا تو صدر مملکت نے تاریخ کیسے دی، جب آرڈر آف دی کورٹ نہیں تو الیکشن کمیشن نے شیڈول کیسے دیا؟ ۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی روسٹرم پر آگئے، جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا الیکشن کمیشن نے کس حکم کے تحت فیصلے پر عملدرآمد کیا؟ سجیل سواتی نے جواب دیامیں اپنی گزارشات پیش کروں گا، الیکشن کمیشن نے یکم مارچ کے فیصلے پر عملدرآمد کیا، عدالتی حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر سے رجوع کیا، صدر مملکت نے 30 اپریل کی تاریخ دی،تاریخ مقرر کرنے کے بعد شیڈول جاری کیا اور انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں، آرٹیکل 218 کی ذمہ داری کسی بھی قانون سے بڑھ کر ہے، انتخابات کےلئے سازگار ماحول کا بھی آئین میں ذکر ہے، آرٹیکل 224 کے تحت الیکشن 90 روز میں ہونے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن کے وکیل نے اچھی تیاری کی ہے، دوران سماعت پیپلز پارٹی کے وکیل نے کہا فریق بننے کےلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی، چیف جسٹس نے کہا الیکشن کمیشن کو سن کر پھر فیصلہ کریں گے۔ ایڈووکیٹ عرفان قادر نے کہا عدالت مجھے بھی سنے، جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا گزشتہ روز کے ریمارکس پر وضاحت کرنی ہے، میں نے جو مختصر اور تفصیلی فیصلہ دیا اس پر قائم ہوں، ازخود نوٹس لینے کا اختیار کس کا ہے اندرونی معاملہ ہے، آرڈر آف دی کورٹ 4 ججز پر مشتمل فیصلہ تھا، آرڈر آف دی کورٹ چیف جسٹس نے جاری نہیں کیا، سوال یہ بھی ہے جب چیف جسٹس نے تفصیلی فیصلہ نہیں دیا تو پھر الیکشن کمیشن اور صدر نے مشاورت کے بعد شیڈول جاری کیا۔
فاروق ایچ نائیک نے دوبارہ استدعا کی جسٹس جمال خان کے ریمارکس پر فل کورٹ تشکیل دیا جائے، پہلے فیصلہ کیا جائے فیصلہ 4 ججوں کا ہے یا 3 کا؟ پوری قوم کنفیوژن کا شکار ہے‘ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ تحریری طور پر درخواست دےدیں، سجیل سواتی نے کہا عدالتی آرڈر میں لکھا ہے فیصلہ 3/2 سے ہے، 3/2 والے فیصلے پر 5ججز کے دستخط ہیں، کمیشن نے فیصلے کے پیراگراف 14 اور ابتدا کی سطروں کو پڑھ کر عمل کیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کیا آپ نے مختصر حکم نامہ دیکھا تھا؟ سجیل سواتی نے جواب دیا ممکن ہے سمجھنے میں غلطی ہوئی ہو، جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کیا مختصر حکم نامے میں لکھا ہے فیصلہ 4/3 کا ہے؟ سجیل سواتی نے جواب دیا اسی بات کو دیکھ کر عدالتی حکم پر عمل کیا، جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے یکم مارچ کے اختلافی نوٹ میں کہیں نہیں لکھا فیصلہ 4/3 کا ہے، اختلاف رائے جج کا حق ہے، اقلیت کسی قانون کے تحت خود کو اکثریت میں ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتی،کھلی عدالت میں 5 ججز نے مقدمہ سنا اور فیصلے پر دستخط کیے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے آپ نے میرے سوال کا جواب نہیں دیا، مختصر حکم نامے میں لکھا اختلافی نوٹ لکھے گئے۔
اختلافی نوٹ میں واضح لکھا جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے سے متفق ہیں، کیا جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے ہوا میں تحلیل ہوگئے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے جو معاملہ ہمارے چیمبرز کا ہے اسے وہاں ہی رہنے دیں، اٹارنی جنرل نقطے پر اپنے دلائل دیں گے،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا تفصیلی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کا کیا موقف ہے‘ سجیل سواتی نے جواب دیا4/3 کے فیصلے پر الیکشن کمیشن سے ہدایات نہیں لیں۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے دونوں ججز کا احترام ہے مگر اقلیتی فیصلہ اکثریتی فیصلے پر غالب نہیں آسکتا، قانون واضح ہے اقلیتی فیصلے کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، جسٹس منصور اور جسٹس جمال خان کا فیصلہ اقلیتی ہے،سجیل سواتی نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن نے صاف و شفاف انتخابات کےلئے کوششیں کیں، الیکشن کمیشن نے سیکشن 57 کے تحت الیکشن کی تاریخیں تجویز کیں، 3 مارچ کو عدالتی فیصلہ موصول ہوا، الیکشن کمیشن نے اپنی سمجھ سے فیصلے پر عملدرآمد شروع کیا۔
الیکشن کمیشن نے ووٹ کے حق و شہریوں کی سکیورٹی کو بھی دیکھنا ہے، صدر کی طرف سے تاریخ ملنے پر شیڈول جاری کیا، جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے آپ کے 22 مارچ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا، 22 مارچ کا آرڈر کب جاری کیا‘ سجیل سواتی نے کہا آرڈر 22 مارچ شام کو جاری کیا، جب آرڈر جاری کیا تو کاغذات نامزدگیاں موصول ہوچکی تھیں، آرڈر جاری ہونے تک شیڈول کے چند مراحل مکمل ہو چکے تھے، فوج نے الیکشن کمیشن کو جوان دینے سے انکار کیا، آئین کا آرٹیکل 17 پرامن انتخابات کی بات کرتا ہے، آئین کے مطابق انتخابات صاف شفاف پرامن سازگار ماحول میں ہوں، الیکشن کمیشن نے فوج رینجرز و ایف سی کو سکیورٹی کےلئے خط لکھے، ایجنسیوں نے الیکشن کمیشن کو خفیہ رپورٹس دیں۔
عدالت کہے گی تو خفیہ رپورٹس بھی دکھا دیں گے، رپورٹس میں بھکر میانوالی میں ٹی ٹی پی، سندھو دیش و مختلف کالعدم تنظیموں کی موجودگی ظاہر کی گئی، الیکشن کےلئے 4 لاکھ 12 ہزار کی نفری مانگی گئی، 2 لاکھ 97 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے،جسٹس منیب نے ریمارکس دئیے آپ 8 فروری کے لیٹرز پر انحصار کر رہے ہیں، عدالت نے یکم مارچ کو اپنا فیصلہ دیا، کیا آپ کو فروری میں خیال تھا اکتوبر میں الیکشن کرانا ہے، دوسری طرف آپ کہتے ہیں عدالتی فیصلے سے انحراف کا سوچ نہیں سکتے اگر اکتوبر میں الیکشن کرانا تھا تو صدر کو 30 اپریل کی تاریخ کیوں دی اس کے علاوہ بہت سارے سوالات ہیں۔
جسٹس منیب اختر کے سوالات نوٹ کر لیں، آپ دلائل دیں پھر سوالات کے جواب دیں،سجیل سواتی نے کہا پس منظر کے طور پر رپورٹس کا حوالہ دیا ،الیکشن کمیشن نے فیصلہ 22 مارچ کو کیا اس سے پہلے یہ گراو¿نڈز دستیاب تھے، اس کے بعد انتخابات کے معاملے پرمیٹنگ ہوئی، وزارت داخلہ نے بھی 8 فروری کے خط میں امن و امان کی خراب صورتحال کا ذکر کیا،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن کے فیصلے میں 20 ارب کا ذکر ہے لیکن گزشہ روز عدالت کو 25 ارب کا بتایا گیا۔
سجیل سواتی نے کہا5 ارب پہلے ہی الیکشن کمیشن کو جاری ہو چکے ، وزارت خزانہ نے بتایا موجودہ مالی سال میں الیکشن کےلئے فنڈز جاری نہیں کر سکتے، سیکرٹری خزانہ نے بتایا 20ارب جاری کرنا ناممکن ہو گا، پنجاب کےلئے 2 لاکھ 97 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا بتایا گیا،جسٹس جمال خان نے استفسار کیا کیا الیکشن کےلئے قومی اسمبلی نے فنڈز کی منظور دی ہوئی ہے‘، سجیل سواتی نے کہا وزارت خزانہ تفصیل سے جواب دے سکتی ہے،چیف جسٹس نے استفسار کیا الیکشن تو ہر صورت 2023 میں ہونا تھے، کیا بجٹ میں 2023 الیکشن کےلئے بجٹ نہیں رکھا گیا ،اٹارنی جنرل نے کہا انتخابات کےلئے بجٹ آئندہ مالی سال میں رکھنا ہے، قبل ازوقت اسمبلی تحلیل ہوئی علم نہیں تھا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا اگر انتخابات پورے ملک میں ایک ساتھ ہوں تو کتنا خرچ ہوگا؟‘ اٹارنی جنرل نے بتایاملک بھر میں ایک ہی مرتبہ انتخابات ہوں تو 47 ارب خرچ ہوں گے، انتخابات الگ الگ ہوں تو 20 ارب اضافی خرچ ہوں گے‘سجیل سواتی نے کہا سپیشل سیکرٹری داخلہ نے بتایا سیاسی شخصیات کو سکیورٹی خطرات ہیں، وزارت داخلہ کے مطابق سکیورٹی خطرات صرف الیکشن کے روز نہیں الیکشن مہم کے دوران بھی ہوں گے، وزارت داخلہ نے عمران خان پر حملے کا بھی حوالہ دیا، کمیشن کو بتایا گیا تھا فوج کی تعیناتی کے بغیر الیکشن کو سکیورٹی فراہم کرنا ناممکن ہوگا۔
سپیشل سیکرٹری داخلہ نے کہا موجودہ حالات میں پرامن انتخابات کا انعقاد نہیں ہو سکتا، سیکٹر کمانڈر آئی ایس آئی نے بتایا خیبرپختونخوا میں کالعدم تنظیموں نے متوازی حکومتیں بنا رکھی ہیں،خفیہ رپورٹس میں بتایا گیا مختلف دہشتگرد تنظیمیں متحرک ہیں، خفیہ رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شیڈو حکومتیں قائم ہیں، 2023 میں سکیورٹی کے 443 تھریٹس کے پی میں موصول ہوئے، خیبرپختونخوا میں رواں سال دہشت گردی کے 80 واقعات ہوئے، 170 شہادتیں ہوئیں۔
خفیہ رپورٹس کے مطابق خطرات سے نکلنے میں 6 سے 7ماہ لگیں گے، رپورٹس کے مطابق عوام میں عدم سکیورٹی کا تاثر بھی زیادہ ہے، خیبرپختونخوا کے 80 فیصد علاقوں میں سکیورٹی خطرات زیادہ ہیں، کے پی میں خفیہ ایجنسیوں نے رپورٹس دیں افغانستان سے دہشتگرد داخل ہوچکے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے یہ باتیں بہت اہم ہیں، کیا سب صدر مملکت کو بتایا گیا؟‘ الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا تمام صورتحال سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا ۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی رپورٹس سنجیدہ ہیں،سجیل سواتی نے کہا امریکی انخلا کے بعد افغانستان سے دہشتگرد حملے کر رہے ہیں‘، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے جو معلومات آپ دے رہے ہیں وہ سنگین نوعیت کی ہیں، کیا آپ باتیں صدر مملکت کے علم میں لائے اگر صدر کو نہیں بتایا تو آپ نے غلطی کی ، صدر مملکت نے تاریخ الیکشن کمیشن کے مشورے سے دی تھی، خفیہ رپورٹس میں کہا گیا علاقوں کو کلیئر کرنے میں 6 ماہ لگیں گے، سکیورٹی کے اعداد و شمار بڑے سنجیدہ ہےں،سجیل سواتی نے کہا پنجاب نے بھی مختلف علاقوں میں جاری آپریشن کا ذکر کیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ کو علم ہے کچے کے علاقوں میں ہر 2 سے 3 روز بعد آپریشن ہوتا ہے، پنجاب میں کچے کا آپریشن کب مکمل ہوگا،سجیل سواتی نے جواب دیاپنجاب کے مطابق کچے میں آپریشن مکمل ہونے میں 6 ماہ تک لگ جائیں گے، الیکشن کمیشن کے پاس خفیہ اداروں کی رپورٹ پر شک کرنے کی گنجائش نہیں۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کیسی بات کر رہے ہیں، 2 اسمبلیاں تحلیل ہو چکیں‘ سجیل سواتی نے کہا ایجنسیوں کی رپورٹس میں جو حقائق بیان کیے گئے وہ نظر انداز نہیں کر سکتے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کیا کوئی طریقہ کار ہے الیکشن کمیشن رپورٹس کی تصدیق کرا سکے؟‘ سجیل سواتی نے کہاواقعات میڈیا پر رپورٹ ہو رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے دہشتگردی کا مسئلہ تو ہے، 20 سال سے ملک میں دہشتگردی کا مسئلہ ہے اس کے باوجود ملک میں انتخابات ہوتے رہے ہیں، 90 کی دہائی میں 3 مرتبہ الیکشن ہوئے، 90 کی دہائی میں فرقہ واریت اور دہشتگردی عروج پر تھی، 58 (2) (بی) کے ہوتے ہوئے ہر 3 سال بعد اسمبلی توڑ دی جاتی تھی۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے آئی ایس آئی کے سیکٹر کمانڈر سمیت دیگر کی رپورٹس درست ہوں گی، دہشتگردی خطرات اپنی جگہ مگر آئین پر عملدرآمد تو لازمی ہے، الیکشن کمیشن تو کہہ رہا ہے سہولیات مل جائیں تو تیار ہیں، فوجی جوانوں کی قربانیاں لازوال ہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے صدر مملکت کو حقائق بتائے بغیر آپ نے تاریخیں تجویز کر دیں‘، سجیل سواتی نے کہا صدر مملکت نے تاریخ کی تبدیلی پر الیکشن کمیشن کو خط نہیں لکھا، صدر مملکت نے تاریخ کی تبدیلی پر وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔
چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا پنجاب میں دہشتگردی کے 5 واقعات ہوئے، آخری واقعہ سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ تھا،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے اگر ادارے آپ کو معاونت فراہم کریں تو کیا آپ الیکشن کرائیں گے، بظاہر الیکشن کمیشن کا سارا مقدمہ خطوط پر ہے، الیکشن کمیشن کا مسئلہ فنڈزکی دستیابی کا ہے۔
اٹارنی جنرل نے کہا عام انتخابات کےلئے بجٹ آئندہ مالی سال میں رکھنا ہے، ملک بھر میں ایک ہی مرتبہ انتخابات ہوں تو 47 ارب خرچ ہوں گے، انتخابات الگ الگ ہوں تو 20 ارب اضافی خرچ ہوگا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے تحریک انصاف و حکومت کو سیاسی ماحول ٹھنڈا رکھنے کا کہا تھا، موجودہ سیاسی ماحول میں پرامن انتخابات نہیں ہوسکتے، ہمیں نہ تو علی ظفر اور نہ اٹارنی جنرل نے جواب دیا، کیس آگے بڑھانے سے پہلے یقین دہانی چاہتے ہیں۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن خود کو آئینی ادارہ کہتا ہے، 2 اسمبلیاں تحلیل ہیں الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے، الیکشن کمیشن شیڈول جاری کرتا ہے، اور اچانک سے اپنا فیصلہ بدل دیتا ہے، الیکشن کمیشن کا مقدمہ آرٹیکل 218 کا ہے،وکیل سجیل سواتی نے کہا فنڈز اور اداروں سے معاونت مل جائے تو پنجاب میں الیکشن کرانے کےلئے تیار ہیں، اپنی آئینی زمہ داریوں سے انحراف نہیں کر رہے،جسٹس منیب نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریوں کےلئے تیار ہے، معاونت چاہیے، ہر انسانی جان قیمتی ہے، دہشتگردی کے واقعات سنگین ہیں، فرنٹ لائن پر عوام کا تحفظ کرنےوالے سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عدالت نے حالات کے ساتھ آئین کو بھی دیکھنا ہے۔
سجیل سواتی نے کہا وفاقی کابینہ کو 20 مارچ کو الیکشن کمیشن نے خط لکھا، کابینہ نے 21 مارچ کو الیکشن کمیشن کو جواب میں وزارت دفاع کے موقف کی تائید کی، کابینہ نے کہا الیکشن کےلئے فوج تعیناتی کی منظوری نہیں دے سکتے، کابینہ نے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے سے بھی معذرت کرلی،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنے سے پہلے عدالت سے رجوع کیوں نہیں کیا، الیکشن کمیشن شیڈول منسوخ کرنے سے پہلے عدالت سے رجوع کر سکتا تھا،سجیل سواتی نے کہا الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم پر عمل کیا۔
جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دئیے جس عدالتی حکم پر تمام ججز کے دستخط ہیں وہ کہاں ہے، صبح سے پوچھ رہا ہوں کوئی بھی عدالتی حکم سامنے نہیں لا رہا‘،سجیل سواتی نے کہا الیکشن کمیشن کی سمجھ کے مطابق فیصلہ 3/2 کا تھا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے عدالت کا مقصد سیاسی نظام کو چلنے رہنے دینا ہے، سیاسی جماعت بھی سیاسی نظام کو آگے بڑھانے کی مخالفت نہیں کرتی، مسئلہ سیاسی درجہ حرارت کا ہے، علی ظفر اور اٹارنی جنرل کو سیاسی درجہ حرارت کم کرنے پر ہدایت لے کر آگاہ کرنے کا کہا تھا، سیاسی درجہ حرارت کم ہونے تک انتخابات پر امن نہیں سکتے، کسی فریق نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی،پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل علی ظفر نے کہا عدالت کو مکمل یقین دہانی کرانے کےلئے تیار ہیں‘ چیف جسٹس نے استفسار کیا یقین دہانی کس کی طرف سے ہے؟‘علی ظفر نے جواب دیاچیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری یقین دہانی کرائیں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے حکومتی پارٹی کی باری آئے گی تو ان سے بھی بات کریں گے،چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا جہاں مسئلہ زیادہ ہے اس ضلع میں انتخابات موخر بھی ہوسکتے ہیں، الیکشن کمیشن نے کچے کے آپریشن کی وجہ سے پورے پنجاب میں الیکشن ملتوی کردیا، خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ دے کر واپس لی گئی، 8 اکتوبر کی تاریخ پہلے سے مقرر کی گئی، 8 اکتوبر کو کون سا جادو ہو جائے گا جو سب ٹھیک ہو جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا 8 اکتوبر کی تاریخ عبوری جائزے کے بعد دی گئی‘چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے عبوری جائزے کا مطلب ہے انتخابات مزید تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں، عدالت کو پکی بات چاہیے،وقفے کے بعد الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے دلائل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کی 8 اکتوبر کی تاریخ عارضی نہیں، ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق تھریٹ لیول بڑھ گیا اگر کچھ علاقوں میں انتخابات کرائیں تو ایجنسیوں کے مطابق وہیں دہشت گردی کا فوکس ہو گا،الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے دیانت داری سے انتخابات کرائے، پرامن و شفاف انتخابات کا انعقاد بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، عدالتی سوالات پر ہدایات لیں، 8 اکتوبر کی تاریخ بلاوجہ نہیں، ایجنسیوں کی جانب سے کہا گیا اس دوران انتظامات مکمل کرلیے جائیں گے۔
جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کیا الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری سے بھاگ رہا ہے؟ جواب میں سجیل سواتی نے کہا الیکشن کمیشن کے پاس اختیار ہے الیکشن پروگرام کے تحت تاریخ آگے کر سکے،جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے الیکشن پروگرام اور الیکشن کی تاریخ 2 الگ الگ معاملات ہیں، قانون بتائیں جس سے صدر یا گورنر کی دی گئی تاریخ کو تبدیل کیا جاسکے۔
سجیل سواتی نے کہا صاف شفاف انتخابات یقینی بنانے کےلئے الیکشن کمیشن کوئی بھی حکم جاری کرسکتا ہے، ورکرز پارٹی فیصلے کے مطابق صاف شفاف انتخابات کےلئے وسیع اختیارات ہیں‘جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے آپ کہہ رہے ہیں اداروں سے معاونت نہیں مل رہی، الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری سے کیسے بھاگ سکتا ہے، صاف شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، انتخابی شیڈول پر عمل شروع ہوگیا تھا اگر کوئی مشکل تھی تو عدالت آجاتے، الیکشن کمیشن وضاحت کرے الیکشنز 6 ماہ آگے کیوں کردئیے؟ کیا ایسے الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پورے کرے گا، کیا انتخابات میں 6 ماہ کی تاخیر آئینی مدت کی خلاف ورزی نہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے انتخابات کرانے کا اختیار کس دن سے شروع ہوتا ہے، انتخابی تاریخ مقرر ہونے سے اختیار شروع ہوتا ہے،سجیل سواتی نے کہا تاریخ مقرر ہوجائے تو بڑھانے کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے، صرف پولنگ کا دن نہیں پورا الیکشن پروگرام موخر کیا، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن پروگرام تبدیل کرسکتا ہے تاریخ نہیں‘، سجیل سواتی نے کہا الیکشن کمیشن ٹھوس وجوہات پر الیکشن پروگرام واپس لے سکتا ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے گورنر اور صدر کی دی گئی تاریخ الیکشن کمیشن کیسے تبدیل کر سکتا ہے، آئین میں واضح ہے پولنگ کی تاریخ کون دے گا، کیا الیکشن ایکٹ کا سیکشن 58 آئین سے بالا تر ہے؟،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ سے رجوع کر کے قائل کرنا چاہیے تھا، آپ عدالت کو قائل کرلیں، 8 اکتوبر کوئی جادوئی تاریخ ہے جو سب ٹھیک ہوجائے گا، 8 اکتوبر کی جگہ 8 ستمبر یا 8 اگست کیوں نہیں ہوسکتی؟الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا 6 ماہ کا وقت مکمل ہونے کے بعد 8 اکتوبر کو پہلا اتوار بنتا ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کیا پولنگ کی تاریخ الیکشن پروگرام کا حصہ ہوتی ہے؟‘ سجیل سواتی نے جواب دیاپولنگ کی تاریخ الیکشن شیڈول کا حصہ ہوتی ہے‘جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے صدر کو تجویز کردہ تاریخ کمیشن کی تاریخ سے مطابقت نہیں رکھتی، صدر کو فروری میں ہونےوالے اجلاسوں سے کیوں آگاہ نہیں کیا گیا، جب معلوم تھا 30 اپریل کو الیکشن نہیں ہوسکتے تو تاریخ تجویز ہی کیوں کی گئی‘سجیل سواتی نے جواب دیا معاملے کی حساسیت کا اندازہ مارچ میں ہوا۔
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے عدالت نے صدر کو آگاہ کرنے سے نہیں روکا‘ سجیل سواتی نے کہا حالات کا جائزہ لینا الیکشن کمیشن کا کام ہے صدر کا نہیں‘ جسٹس امین الدین نے ریمارکس دئیے الیکشن شیڈول پر عمل کرنے کا کیا فائدہ ہوا جب آج پھر عدالت میں کھڑے ہیں،جسٹس منیب نے استفسار کیا اگر صدر تاریخ کا اعلان کردیں تو کیا الیکشن کمیشن انتخابات سے انکار کرسکتا ہے؟،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن نے پرانا شیڈول ختم کرکے نیا شیڈول جاری نہیں کیا، الیکشن شیڈول کی بجائے الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر کو جھنڈا لگا دیا۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے سیکشن 58 الیکشن کمیشن کو تاریخ بڑھانے کی اجازت نہیں دیتا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ چاہتے ہیں عدالت 8 اکتوبر کی تاریخ پر مہر لگائے‘جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے ’الیکشن کمیشن نے صرف اپنے حکم کا دفاع کرنا ہے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی یا نہیں درخواست گزار نے ثابت کرنا ہے۔
چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کیا 8 اکتوبر کوئی جادوئی تاریخ ہے جو اس دن کچھ نہیں ہوسکتا، کیوں 8 ستمبر یا 8 اگست کی تاریخ نہیں دی جاسکتی، کیوں ان دنوں میں الیکشن نہیں ہوسکتے،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کیا ایسے الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پورے کرے گا، کیا انتخابات میں 6 ماہ کی تاخیر آئینی مدت کی خلاف ورزی نہیں؟،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے بنیادی حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین کی تشریح ہو گئی ، آرٹیکل 218-3 آرٹیکل 224 سے بالاتر کیسے ہوسکتا ہے۔
سجیل سواتی نے کہا آرٹیکل 218-3 شفاف منصفانہ انتخابات کی بات کرتا ہے،چیف جسٹس نے استفسار کیا شفاف انتخابات نہیں ہوں گے تو کیا ہو گا؟‘ سجیل سواتی نے جواب دیا الیکشن شفاف نہ ہوں تو جمہوریت نہیں چلے گی،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے سازگار ماحول کا کیا مطلب ہے کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے، چھوٹی موٹی لڑائی جھگڑے تو ہر ملک میں ہوتے ہیں، اصل معاملہ ہے اسلحہ کا استعمال نہ ہو اگر معمولی جھگڑا بھی نہیں چاہتے تو ایسا نظام بنائیں لوگ گھر سے ہی ووٹ کاسٹ کریں، سمندر پار پاکستانی ووٹ کا حق مانگتے ہیں، سپریم کورٹ کا حکم بھی موجود ہے، الیکشن کمیشن نے ابھی تک سمندر پار پاکستانیوں کی ووٹنگ کےلئے کچھ نہیں کیا، حکومت سے پوچھتے ہیں 6 ماہ کا عرصہ کم ہو سکتا ہے یا نہیں۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے اپنے دلائل مکمل کرلیے،ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے عدالت کو آگاہ کیا گورنر خیبرپختونخوا نے ابھی تک انتخابات کی تاریخ نہیں دی،جسٹس منیب نے استفسار کیا نگران حکومت نے گورنر کو تاریخ دینے کا کیوں نہیں کہا؟‘ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے کہا الیکشن کمیشن کی معاونت کےلئے تیار ہیں‘جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کیا گورنر کے پی نے تاریخ کا اعلان کیا ہے؟‘ڈی جی لا الیکشن کمیشن کامران مرتضی نے کہا الیکشن کمیشن کو تاریخ سے آگاہ کردیا ، گورنر نے 28 مئی کی تاریخ دی تھی،گورنر کے پی نے 8 اکتوبر کی تاریخ دی ، گورنر کا خط موصول ہوا ہے، ہدایات کےلئے وقت دیں۔
جسٹس منیب اختر نے کہا عدالت نے فوری اور جلد از جلد تاریخ دینے کا کہا تھا، گورنر کے پی نے 8 اکتوبر کی تاریخ کس بنیاد پر دی ؟ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 روز 30 اپریل کو پورے ہورہے ہیں، 90 دن سے کم سے کم آگے کی تاریخ 28 مئی کیسے دی گئی؟،کامران مرتضی نے کہا گورنر خیبرپختونخوا سے ہدایات لے کر آگاہ کروں گا،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے پہلے ہی حکمنامے میں کہا تھا گورنر تاریخ نہ دے کر آئینی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پنجاب کی نگراں حکومت کا الیکشن کی تاخیر پر کیا موقف ہے؟‘ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، صوبے میں پہلے الیکشن ہوئے تو قومی اسمبلی کا انتخاب متاثر ہو گا،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے نگران حکومت اپنی مدت میں توسیع کیسے کر سکتی ہے اس قسم کا نقطہ نگران حکومت کیسے اٹھا سکتی ہے،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا آئینی عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے دلائل دینا میرا حق ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پنجاب میں 20 حلقوں میں انتخاب منتخب حکومت نے کرائے تھے، 20 حلقوں کے انتخاب میں کتنے واقعات ہوئے تھے جن سے انتخابات متاثر ہوئے‘جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کیا ہر ضمنی الیکشن کےلئے نگران حکومت لانی پڑے گی‘،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے جولائی 2022 میں پنجاب کی 20 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوئے تھے، عام انتخابات میں نگران حکومت ہونا آئینی ضرورت ہے، اسمبلی وقت سے پہلے تحلیل کرنے کی بھی آئین اجازت دیتا ہے۔
ڈی جی لا الیکشن کمیشن ارشد خان نے کہا ریکارڈ کا جائزہ لے کر آگاہ کروں گا،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت آج صبح ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی، اٹارنی جنرل دلائل دیں گے،سماعت کے اختتام پر سپریم کورٹ نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کےلئے تحریک انصاف سے تحریری یقین دہانی مانگ لی،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے سیاسی قوتوں کے درمیاں تناو¿ سے دیگر ریاستی ادارے متاثر ہو رہے ہیں، عوام میں اداروں کے بارے میں باتیں کی جاتی ہیں، ادارے بول نہیں سکتے اس لیے خاموش رہ کر سنتے ہیں، شفاف الیکشن کےلئے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کا کہا، فیئر پلے ہو تو سپورٹس مین سامنے آتے ہیں ، جنگجو نہیں، غصے کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے، عدالتی کارروائی کسی کو فائدہ دینے کیلئے نہیں ،ٹارنی جنرل وزارت داخلہ اور وزارت دفاع سے کم سے کم وقت میں انتخابات کا پوچھ کر بتائیں۔
آٹھ اکتوبر کو سب ٹھیک ، 8 ستمبر یا 8 اگست کیوں نہیں؟ ،چیف جسٹس



















