لاہور ماسٹر پلان قانون کے برعکس،عوامی پیسہ نکلوانا آتا ہے،لاہور ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے ماسٹر پلان 2050 پرعملدر آمد روکنے کے حکم میں 6 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے ریمارکس دئیے لاہور ماسٹر پلان قانون کے برعکس ہے،عوامی پیسہ نکلوانا آتا ہے،تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ماسٹر پلان 2050 کی منظوری کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات لینے اور تجاویز کو ماسٹر پلان میں شامل کرنے کا حکم دیدیا،دوران سماعت ایل ڈی اے وکیل نے کہا موجودہ ماسٹر پلان پرعوامی پیسہ خرچ ہوچکا ۔

عدالت نے کہا آپ پی ایس ایل کیلئے اربوں روپے لگاتے ہیں اب عوامی پیسہ یاد آ رہا ہے، مجھے عوامی پیسہ نکلوانا آتا ہے، موجودہ ماسٹر پلان بالکل قانون کے برعکس بنایا گیا ،ایل ڈی اے وکیل نے ماسٹر پلان 2021ء پرعملدرآمد جاری رکھنے کاحکم دینے کی استدعا کی جس پرجج نے کہا مجھے نہیں پتہ ماسٹر پلان 2021 آپ کا ختم ہو رہا ہے، آپ نے جو کرنا ہے جا کر کرو، عدالت نے صرف ماسٹر پلان 2050 پرعملدرآمد روکا ،بعدازاں عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے بین الااقوامی ماہرین پرپیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔