اسلام آباد(بیورورپورٹ) اب تک 26 ہزار سے زائد حج درخواستیں موصول ،بینک ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے،وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک 26 ہزار سے زائد درخواستیں بینکوں میں موصول ہوچکی ہیں، سپانسرشپ سکیم کے تحت بیرون ملک سے ڈالر منگوانے والے درخواست گذاروں کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہو گئی،حج درخواست گذاروں کی فیڈ بیک پر انکی آسانی کیلئے بینکوں کو مزید ہدایات جاری کی ہیں، سمندر پار پاکستانی بیرون ملک سے بنوایا گیا میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بھی بینک میں جمع کروا سکتے ہیں، مشکل کی صورت میں سادہ صفحہ پر ایک بیان حلفی بینک میں جمع کروائیں کہ وہ صحت مند ہیں اور پاکستان پہنچنے کے بعد اپنی حج پرواز سے پہلے پاکستان سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بنوا کر بینک میں جمع کروائیں گے، جن درخواست گزاروں نے ابھی تک کرونا ویکسین نہیں لگوائی یا سعودی منظور شدہ (10) ویکسین کے حامل نہیں ہیں وہ منظور شدہ ویکسین میں سے کسی ایک کی پہلی ڈوز لگوا کر درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ تاہم انہیں روانگی سے قبل مکمل ڈوز لگوا کر بینک میں سرٹیفیکیٹ جمع کرانا ہو گا۔ نادرا کے علاوہ غیر ملکی ویکسین سرٹیفکیٹ بھی قابلِ قبول ہو گا۔ حج درخواست گذاروں کی آسانی کیلئے نامزد بینکوں کی مخصوص شاخیں ہفتہ وار چھٹی کے روز (ہفتہ اور اتوار) یعنی 25 اور 26 مارچ کو حج درخواستیں وصول کریں گی۔ سپانسر شپ بھجوانے والے کا عازمین حج سے Blood Relation ہونا ضروری نہیں تاہم رقم کے ہمراہ عازم حج کا نام، شناختی کارڈ اور رابطہ نمبر کی معلومات بھجوانا لازم ہے۔ حج درخواست گذاروں کی آسانی کیلئے آسان اکاونٹ کی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کی جا چکی ہے۔ حجاج کرام کو سعودی عرب میں قربانی کا کوپن خود خریدنا ہو گا۔ اس ضمن میں پاکستان حج مشن سعودی عرب میں حجاج کی رہنمائی کرے گا۔ قربانی کوپن کی رقم 7 سو تا 1 ہزار ریال تک ہو سکتی ہے ریگولر سکیم کے سمندر پار مقیم درخواست گذار پاکستان میں موجود اپنے نامزد فرد کے ذریعے بینک میں حج درخواست جمع کروائیں۔ پیکیج میں ممکنہ بچت موصول کرنے کیلئے پاکستان پہنچ کر بینک اکاونٹ کھلوانا لازم ہو گا۔ حج درخواستیں نامزد بینکوں کے ذریعے ہی پراسیس ہونگی۔ پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی، میڈیکل سرٹیفیکیٹ اور کرونا سرٹیفیکیٹ کے ہمراہ قریبی بینک سے رابطہ کریں۔ عازمینِ حج کو بائیو میٹرک کروانے اور پاسپورٹ جمع کرانے کیلئے وقت کا تعین اور دیگر ہدایات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
اب تک 26 ہزار سے زائدحج درخواستیں موصول ،بینک ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے



















