جنوبی وزیرستان،ڈی آئی خان میں بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی اور3جوان شہید

راولپنڈی(بیورورپورٹ)جنوبی وزیرستان،ڈی آئی خان میں بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی اور3جوان شہید،3دہشتگرد جہنم واصل،آئی ایس پی آر کے مطابق 21 مارچ کو جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی شہیداور7جوان زخمی ہوگئے۔

2کی حالت نازک ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق بریگیڈیئر برکی و ٹیم نے مقابلے کے دوران دہشتگردوں کیخلاف بھرپور مزاحمت کی اور پاک فوج کے سینئر افسر نے مادر وطن کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا،دریں اثنا ڈی آئی خان میں چیک پوسٹ پر حملے سے3جوان شہید،جوابی کارروائی میں3دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب دہشتگردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھوٹی میں پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لیا اورفرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو مسدود کر دیا،فرار کی کوشش کرنیوالے دہشتگردوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سگو میں گھیر لیا گیا،دہشتگردوں و سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تینوں دہشتگرد مارے گئے تاہم 3فوجی جوان حوالدار اظہر اقبال، نائیک اسد اور سپاہی عیسیٰ نے بھی جام شہادت نوش کیا ،سپاہی اصغر، حذیفہ شدید زخمی ہوگئے۔

ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ،آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثنا نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت جوابی کارروائی اور 3دہشتگردوں کو جہنم و اصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

رانا ثنا نے کہا سکیورٹی فورسز انتہائی دلیری و شجاعت سے دہشتگردوں کے قلع قمع میں مصروف عمل ہیں،اسی جذبے کیساتھ جلد دہشتگردی کے ناسور کا ملک سے مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔