عمران خان کی نیب و دہشت گردی مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور

لاہور (کورٹ رپورٹر خبرنگار) سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نیب و دہشت گردی مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور، تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی زمان پارک گھر پر پولیس آپریشن کیخلاف توہین عدالت درخواست پر سماعت ہوئی۔

عمران خان نے جسٹس طارق سلیم شیخ کے روبرو پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ پولیس نے چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا، توڑ پھوڑ کی، املاک کو نقصان پہنچایا، 18 مارچ کو زمان پارک آپریشن قانون کے منافی کیا گیا، بنیادی حقوق و لاہور ہائیکورٹ کے 17 مارچ کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی، عدالت متعلقہ فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔ عمران خان نے روسٹرم پر آکر کہا میرے گھر کے شیشے توڑے گئے، بیوی گھر میں تھی، وہ پردے دار خاتون ہیں، چیخوں کی آواز کیمرے میں موجود ہیں، چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا، میرے 5گارڈز کو پکڑ کر لے گئے اور تشدد کیا، چھپ کر عدالت پہنچا ہوں، اس گاڑی میں آیا ہوں جس کو کوئی نہیں جانتا، بغیر کسی قافلے کے آیا ہوں۔

اسلام آباد ٹول پلازا پہنچا تو میرے گھر پر حملہ کردیا گیا، جگہ جگہ رکاوٹیں لگا کر مجھے روکا گیا تاکہ عدالت نہ پہنچ سکوں، حکومت نے دنیا کو کیا پیغام دیا، قانون کی حکمرانی نہیں یہی پیغام دیا۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دئیے میڈیا پر بیٹھ کر عدلیہ کا مذاق اُڑانے والوں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کروں گا، اگر تمام فریقین نے عدلیہ کی عزت نہ کی تو پھر توہین عدالت کارروائی ہوگی، قانون کے مطابق کارروائی کرنی ہوتی ہے، صرف قانون کی بات کرتے ہیں، عدالت نے سرکاری وکیل کو زمان پارک آپریشن پر ہدایات لیکر پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا اور کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی۔ عمران خان پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی، عدالت نے سرکاری وکلاء کو بیان حلفی کیساتھ عدالت پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ پنجاب حکومت کے وکیل اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے جسٹس طارق سلیم شیخ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس دوسری عدالت منتقلی کی استدعا کی تو عدالت نے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کس بات پر آپ کو عدالت پر اعتماد نہیں، یہ تو پہلے کا فیصلہ ہے۔

اگر اس طرح کا آئندہ معاملہ ہوا تو توہین عدالت کی کارروائی کرونگا، ازخود نوٹس لیکر بھی کارروائی کی جاسکتی ہے، کیس پہلے کا چل رہا ہے، عدالتی حکم بھی پہلے کا ہے، آپ عدلیہ کی توہین نہ کریں، بار بار آپکو مقدمات کے ریکارڈ کیلئے نوٹس کئے آپ مہلت مانگ رہے ہیں، واٹس ایپ کا جدید دور ہے آپ کاپی واٹس ایپ کے ذریعے منگوالیں۔ بعدازاںعمران خان جسٹس شہباز رضوی کے سامنے حفاظتی ضمانت کیلئے پیش ہوئے، 2 رکنی بنچ نے حفاظتی ضمانت پر درخواست کی، ہائیکورٹ نے دہشت گردی کے 2 مقدمات میں 27 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی، 2 رکنی بنچ نے عمران خان کی نیب کیسوں میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں واپس کرتے ہوئے کہا نیب کیسز کی سماعت کرنے والا بنچ موجود ہے، مناسب ہے درخواستیں متعلقہ بنچ ہی سنے، عمران خان نیب کیسز میں حفاظتی ضمانت کیلئے جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت پہنچے، وکیل نے کہا اسلام آباد پیش ہونا ہے، حفاظتی ضمانت دی جائے، عمران خان نے روسٹرم پر آکر کہا 30 اپریل کو الیکشن ہونے ہیں، میری ساری انتخابی مہم گھر سے عدالتوں تک ہورہی ہے، ٹکٹ دینے کا وقت نہیں مل رہا، 50 سالوں میں ایک مقدمہ میرے اوپر نہیں ہوا لیکن 6 ماہ میں 96 مقدمات درج ہوگئے، سنچری مکمل ہوچکی۔ اس موقع پر جسٹس شہباز رضوی نے کہا ابھی سنچری نہ کریں، عدالت نے نیب کیسز میں عمران خان کی 31مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

مزید برآںلاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے تحریک انصاف لاہور کے صدر امتیاز محمود شیخ کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کو ہدایت کی سٹیک ہولڈرز سے انتظامی و سکیورٹی معاملات کا جائزہ لیکر فیصلہ کیا جائے، مینار پاکستان میں پی ٹی آئی جلسہ ہونے کی صورت میں سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائے۔ عدالت نے سی سی پی او لاہور کو بھی طلب کرلیا، عدالت نے باور کرایا سابق وزیراعظم کی سکیورٹی کا معاملہ نہیں بلکہ جلسے کی اجازت کا معاملہ زیرغور ہے، ہائیکورٹ نے مینار پاکستان پر 26 مارچ کو جلسے کی اجازت کیلئے دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔ ادھر اقدام قتل،تھانہ سنگجانی میں درج دہشتگردی مقدمات میں اسلام آباد ہائیکورٹ اور خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی استثنیٰ درخواستیں منظورکرکے عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی جبکہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی حاضری والی فائل کی گمشدگی کے معاملے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد اور ٹرائل کورٹ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے وارنٹس کیخلاف درخواست غیرموثر قرار دیدی۔

دوسری جانب عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا اگلے انتخابات میں کامیاب ہوئے تو اپنے قتل کی سازش کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے، یقین ہے توشہ خانہ کیس میں بری ہوجائوں گا، حکومت کو پتہ ہے میری جان کو خطرہ ہے پھر بھی سکیورٹی کا انتظام نہیں کیا جا رہا۔ علاوہ ازیں امریکی ڈیموکریٹ رکن کانگریس مائیک لیون نے چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ڈیموکریٹ رکن کانگریس کی عمران خان سے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر طویل بات چیت ہوئی ،ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں نے پی ٹی آئی کارکنوں پر مبینہ پولیس کے تشددو صحافیوں کو حراست میں لئے جانے اور عمران خان کی سکیورٹی کیلئے درپیش صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔