عمران خان اپنی چوری چھپانے کےلئے پورے ملک میں آگ لگا رہے ہیں: شاہنواز رانجھا
لاہور( اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ توشہ خانہ میں عمران کی چوری ثابت شدہ ہے ،اس کیس میں زیادہ سے زیادہ تین سے چار شہادتیں ہونی ہیں جس کے بعد مقدمے نے اپنے اختتام کی طرف چلے جانا ہے ،عمران خان اپنی چوری کو چھپانے کےلئے پورے ملک میں آگ لگا رہے ہیں، فرد جرم سے بچنے کےلئے عمران خان کو کوئی پرواہ نہیں کہ پاکستان جل جائے، اداروںکے سربراہوں پر سوالیہ نشان لگارہے ہیں، قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں ،آپ مقدمے سے جتنا بھاگیں گے یہ ظاہر ہوتا جائے گا آپ چور ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں فل بنچ کی سماعت ایک ہفتے کےلئے ملتوی ہو چکی ہے ، عمران خان حسب عادت کبھی کسی عدالت سے ریلیف لینے کی کوشش کرتے ہیں جب متعلقہ عدالت سے ریلیف نہیں ملتا تو دوسری عدالت میں چلے جاتے ہیں تاکہ وہاں سے ریلیف مل جائے ، اب کہہ رہے ہیں کہ اسلام آباد میں درخواست دائر کر رکھی ہے وہاں سے واپس لیں گے تو یہاں پر فل بنچ میں بحث کا آغاز کریں گے۔



















