زمان پارک دہشتگرد کامورچہ،لاڈلے کو رعایت ملتی رہی تو ہر گلی سے جتھے نکلیں گے،مریم اورنگزیب
لاہور(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے زمان پارک سیاسی جماعت کے لیڈرکا گھرنہیں دہشتگرد کامورچہ تھا،سیاستدان سیاستدانوں سے بات کرتے ہیں ،دہشتگردوں سے بات نہیں ہوتی ،عمران خان سیاسی دہشتگرد نہیں بلکہ دہشتگرد ہے ،انصاف کی محافظ عدالت ہوتی ہے اور عدالت کی محافظ پولیس ہوتی ہے اور جو پولیس عدالت کی حفاظت کرتی ہے اس کی رٹ کو عدالتیں کمپرو مائز کریں گی تو پھر ملک میں خانہ جنگی ہو گی ، ہر گلی کا اپنا قانون ہوگا، ملک کے اندر گلی سے جتھے نکلیں گے، ہر گلی سے غنڈے دہشتگرد نکل کر عدالتوں و ریاست کے اوپر حملہ آور ہوں گے،پاکستان میں انصاف غلیلوں و کلاشنکوف سے خوفزدہ ہے، عمران خان کی دہشتگردی کی وجہ سے سہولت کاری دی جا رہی ہے، عدالتوں سے ریلیف کا بنڈل پیکیج لیکر جارہا ہے ، عمران خان کو عدالت سے ریلیف دیکر انصاف کا قتل کیا گیا،عمران خان ریاستی رٹ کے ٹکڑے کر رہے ہیں، انصاف ، قانون و عدلیہ کی پراسرار خاموشی ملک کیلئے خطرہ بنتی جارہی ہے، لاڈلے کو رعایت دیکر قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوسکتی، سلسلہ نہ رکا تو ہرگلی سے جتھے نکلیں گے ،مریم نواز عمران خان کے اعصاب پر طاری ہے ، تمہیں چھوڑیں گے نہیں ،رمضان میں غریبوں کیلئے مفت آٹے کی فراہمی کا دائر کار وسیع کیاجائے گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،مریم اورنگزیب نے مزید کہاحکومت دن رات عمران خان کاپھیلایامعاشی گند صاف کر رہی ہے ،نیازی نے تمام سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں ، جیلوں میں ڈالا، بہنوں بیٹیوں کے کمروں کے اندر حملہ آور ہوا،ہسپتالوں میں گھسیٹا جس کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی ،عوام بیروزگار ہوئے، غریب کے منہ سے روٹی چھینی گئی ،نیازی اقتدار چھن جانے پر پاگل ہو چکا، عمران خان کی چوریاں ڈکیتیاں ،توشہ خانہ خزانے کی چوری ہو ہیرے جواہرات کا بٹورنا ہو ، فارن فنڈنگ ہو ، ٹیریان کیس ہو سب میں قانون نے اپنا راستہ لے لیا اور عدالتوں کے اندر انڈر کیسز ٹرائل میںہیں جہاں عمران خان پیش نہیں ہو رہے کیونکہ ان کے پاس جواب نہیں اس لئے سارے ملک کو جلا رہا ہے، عمران خان کہتے تھے میری جان کو خطرہ ہے اس لئے عدالت میں پیش نہیں ہوتا، بیمار ہوں ، بزرگ ہوں تو میں عدالت میں پیش نہیں ہوں گا،مجھے مار دیں گے ،گرفتار کر لیں گے اگر عمران خان کی جان کو خطرہ تھا تو پھر گزشہ روز کچھ ہوا کیوں نہیں؟پولیس کی گاڑیوں و شہریوں کی موٹر سائیکلوں پر حملے کیے گئے، جھوٹا دہشتگرد چوہا ہے،عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہتا تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے،مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان صبح اٹھتا ہے اداروں پر حملہ آور ہوتا ہے ، پولیس پر حملہ آور ہوتا ہے ،دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے ایک دہشتگرد پولیس والوں کے سر پھاڑ رہاہے ،گھر سے اسلحہ برآمد ہو رہا ہے ،دہشتگرد تنظیموں کے لوگ برآمد ہو رہے ہیں وہ کھلے عام ٹوئٹ کر کے عدالتوں کو پیغام دیتا ہے ،آئین و قانون کو پیغام دیتا ہے میں سب کو جوتی کے نیچے رکھتا ہوں ،ریاست صرف حکومت کا نام نہیں بلکہ ریاست پارلیمان عدلیہ اور حکومت کا نام ہے ،تینوں ستون ریاستی رٹ کے محافظ ہیں اگر اس طرح ہوگا تو پاکستان میںجنگل کاقانون ہوگا ، ہر گلی کوچے کا اپنا قانون ہوگا،پھر خود انصاف و قانون ملک کو دہشتگردوں کے حوالے کر رہا ہوگا۔



















