نشہ کرنیوالوں اور جرائم پیشہ عناصر کی بھرمار،پولیس کیلئے کھلا چیلنج

لاہور (مرزا ندیم بیگ )صوبائی دارالحکومت میں نشہ کرنیوالوں اور رات کی تاریکی میں شہریوں اور سرکاری سامان پر ہاتھ صاف کرنے والے جرائم پیشہ افراد کی بھرمار پائی جاتی ہے۔ دن کے وقت ایسے افراد سرعام گلی محلوں میں گھومتے پھرتے ہیں اور رات کو اپنا مشن چوری جاری رکھتے ہیں جبکہ ایسے افراد کی جانب سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کھلے چیلنج کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلی نمبر 143 نئی آبادی فضل الٰہی پارک باغبان پورہ لاہور،شالیمار تھانہ کے علاقہ میں چور رات کے وقت پانی اور گیس کے پائپ کھول کر لے گئے ،اہل علاقہ کے مطابق 20 دن پہلے اسی گلی کے رہائشیوں نے متعلقہ تھانہ شالیمار میں چوری کی درخواست دی تھی جس پر تا حال کوئی کارروائی نہ ہوسکی جس کے نتیجہ میں گزشتہ رات چوروں نے ایک بار پھر اپنا کام دکھا دیا۔ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا کام ہے چوروں کو پکڑنا لیکن شالیمار تھانہ کوئی قانونی کارروائی نہیں کر رہا، چور کھلے عام دندناتے پھرتے ہیں اور رات کو اپنا مشن چوری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں متعلقہ پولیس کو ایسے واقعات کا علم ہونے کے باوجود کسی قسم کی کارروائی نہ کرنا سخت زیادتی ہے اور اعلیٰ پولیس افسران سے پرزور اپیل ہے کہ وہ ایسے واقعات اور ان پر کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ ہونے کا نوٹس لیں۔