تمام سیاسی جماعتیں ملکی مسائل مذاکرات سے حل کریں :تاجر رہنماﺅں کی اپیل

لاہور(رپورٹ: نعیم جاوید ) سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے کہ وہ پاکستان پر رحم فرما کر سیاسی مسائل بات چیت کے ذریعے حل کریں۔ ان خیالات کا اظہار پیاف کے رہنماو¿ں عرفان اقبال شیخ، فہیم سہگل اور محمد علی میاں نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو دنوں سے زمان پارک میں ہونےوالے واقعات سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی عوام کو بتایا جائے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کرنے کے باوجود قسط جاری کیوں نہیں کی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ اب اگر آئی ایم ایف ایک ارب ڈالر دے بھی دے تو پاکستان کی معیشت کو کوئی خاص فرق نہیں پڑےگا، ڈیفالٹ کی تلوار مزید 4 سال تک پاکستان کے سر پر لٹکتی رہے گی اسلئے حکومت کو چاہیے کہ تمام حقائق عوام کے سامنے رکھے۔ تاجر رہنماﺅں نے مزید کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں اور سولر انرجی پرجنگی بنیادوں پر کام کیا جائے جبکہ بارشوں کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے دریائے راوی اور ستلج کو گہرا کیا جائے۔