سفارتی عملے کی نااہلی،امریکہ میں پاکستانی مشکلات کاشکار

نیویارک(خواجہ فاروق)سفارتی عملے کی نااہلی،امریکہ میں اوورسیز پاکستانی مشکلات کاشکار، وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی تقریب وپریس کانفرنس چند لوگوں تک محدود،بےنظیر شہید کے دیرینہ ساتھی،جیالے،ن لیگ سمیت پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کے کارکن ،کشمیری اور سینئر صحافی نظر انداز،صرف منظور نظر مدعو۔تفصیلات کے مطابق سفارتی عملے کی نااہلی سے امریکہ میں اوورسیز پاکستانی مشکلات کاشکارہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل نہ کرنےوالے اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم اورامریکہ میں قونصل جنرل عائشہ علی نے وزیر خارجہ تک شکایات پہنچنے سے روکنے کیلئے بلاول بھٹو کی تقریب و پریس کانفرنس کو صرف چند لوگوں تک محدود رکھا۔

بےنظیر شہید کے دیرینہ ساتھی،جیالے،ن لیگ سمیت پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کے کارکنوں و کشمیریوں،سینئر صحافیوں کو یکسر نظر انداز کردیا گیا،منظور نظر کارکنوں و صحافیوںکو بلاکر صرف خانہ پوری کی گئی،دونوں کو خدشہ تھا اگر تقریب میں سب کو دعوت دی گئی تو وزیر خارجہ کے سامنے شکایات کاانبار لگ جائےگا۔

منیر اکرم اور عائشہ علی نے اوورسیز پاکستانیوں و سینئر صحافیوں کو وزیر خارجہ سے مکمل دور کیے رکھا،سینئر صحافیوں،اوورسیز پاکستانیوں و کشمیریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاعمران دور میں تعینات کیا گیا تمام نااہل سفارتی عملہ ایک تو کوئی کام نہیں کرتادوسر ا اگر کوئی اہم شخصیت امریکہ آتی ہے تو اپنی نااہلی چھپانے کیلئے سینئر صحافیوں،کمیونٹی کو مکمل دور رکھا جاتاہے۔

سینئر صحافیوں،پاکستانی وکشمیری کمیونٹی نے کہا مسئلہ کشمیر کو نظرانداز کرنے اورمسائل حل نہ ہونے پر امریکہ میں مقیم شہریوں کاکوئی پرسان حال نہیں،یوں لگتا ہے امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی و کشمیریوں کاکوئی والی وارث نہیں،یواین،واشنگٹن میں پریس منسٹرز مریم شیخ اورڈاکٹر ملیحہ شاہدنے آج تک پریس ریلیز تک جاری کرنا گوارا نہیں کیا۔

کشمیر پر بات کرنا خواب بن گیا،انہوں نے مطالبہ کیامنیر اکرم،عائشہ علی ، یواین،واشنگٹن میں پریس منسٹرز مریم شیخ اورڈاکٹر ملیحہ شاہد سمیت تمام نااہل سفارتی عملے کو فوری فارغ کرکے محب وطن،کشمیریوں سے درد دل رکھنے والے افسروں کو تعینات کیاجائے۔