انتخابات کےلئے دس ارب دیں: الیکشن کمیشن، روز مرہ اخراجات پورے کرنے کے پیسے نہیں: سیکرٹری خزانہ
اسلام آباد(بیورورپورٹ) الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لئے 10 ارب روپے مانگ لیے۔الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عام انتخابات کیلئے نظر ثانی بجٹ وزارت خزانہ کے سامنے رکھ دیا اور دونوں صوبوں میں انتخابات کے انعقاد کے لئے فی الفور 10 ارب روپے کا مطالبہ کردیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب اور کے پی میں انتخابات کا کل تخمینہ 15 ارب روپے ہے۔ قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات مخر ہونے سے انتخابی اخراجات کم ہوگئے۔الیکشن کمیشن نے سیکرٹری خزانہ سے کہا کہ عام انتخابات کیلئے نظر ثانی بجٹ کے تحت فنڈز فراہم کیے جائیں، انتخابات کے لئے فنڈز کی فراہمی آپ کی آئینی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔سیکرٹری خزانہ نے جواب دیا کہ حکومت کے پاس روزمرہ اخراجات پورا کرنے کے پیسے نہیں، میں الیکشن کمیشن کی ڈیمانڈ حکومت کے سامنے رکھوں گا،فیصلے سے جلد آگاہ کروں گا۔



















