اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن بی ایم جی ایف کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، وزیراعظم نے بی ایم جی ایف کی جانب سے ملک میں پولیو کے خاتمے ،حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے میں خاص طور پر ملک میں حالیہ سیلاب کے دوران پاکستان کو دی جانےوالی قابل قدر مدد کو سراہا۔
وزیر اعظم نے ملک میں پولیو کے خاتمے کےلئے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل اور ٹیم کی انتھک کوششوں سے بل گیٹس کو آگاہ کرتے ہوئے کوششوں کی تعریف کی اورتعاون کے تمام جاری شعبوں میں فانڈیشن کےساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان ملک میں پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے، انہوں نے 2022میں پولیو کے نئے کیسز کی رپورٹنگ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا ستمبر 2022سے پولیو کیسز میں وقفہ آیا، دونوں رہنما وں نے حکومت کی زیرقیادت دیگر پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں بی ایم جی ایف کی مدد سے غذائی قلت ،سٹنٹنگ، حفاظتی ٹیکوں کی ضروری خدمات، مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے راست اور قومی بچت پروگرام کی ڈیجیٹلائزیشن شامل ہیں۔
گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب جس نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی و صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی کی وجہ سے پولیو کے قطرے پلانے کی جاری کوششوں کو بری طرح متاثر کیا تھا کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا حکومت خصوصی ایمرجنسی رسپانس پلان کو فعال طور پر نافذ کر رہی ہے اور موافقت جاری رکھے گی، بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کےلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پولیو کے خاتمے کو یقینی بنانے کےلئے اپنی فاونڈیشن کی جانب سے پاکستان کےلئے مسلسل تعاون کا اعادہ کیا، دونوں رہنماوں نے مشترکہ مقاصد پر ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم،بل گیٹس میں ٹیلی فونک رابطہ،مشترکہ مقاصد کیلئے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق



















