اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا انعقاد ایک ہی دن ہونا ملک کے وسیع ترمفادمیں ہے، الیکشن کے انعقاد میں الیکشن کمیشن، حکومت اور تمام سیاسی جماعتیں اہم فریق ہیں، ملک کے معاشی اورسیاسی استحکام کےلئے گفت وشنید کا راستہ اختیار کرنا ہوگا،مشکل حالات میں فوڈ سکیورٹی ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نبرد آزما ہونے کےلئے کسانوں کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی،پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز(پپس) میں ماحولیاتی اعتبار سے زرعی اور فوڈ سکیورٹی کے چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مکالمے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ عام انتخابات کا ایک ہی دن انعقاد ملک کی وسیع ترمفاد میں ہے ، تمام سٹیک ہولڈرزاس معاملے پر یکسوئی سے باہم گفت وشنید کا راستہ اختیارکریں کیونکہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو پہلے ہی بہت بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے ، پارلیمنٹ سیاسی جماعتوں میں بات چیت کی راہ ہموار کرنے کےلئے تیار ہے ، ملک کو درپیش چیلنجز کا حل پارلیمان کے ذریعے ہی ممکن ہوسکتا ہے، ملک کے معاشی اورسیاسی استحکام کےلئے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا بے حد ضروری ہے کیونکہ معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہے۔
عام انتخابات ایک ہی دن ہونا ملک کے وسیع ترمفادمیں ہے: راجہ پرویز اشرف



















