توشہ خانہ کیس کی سماعت میں 2 بجے تک وقفہ کر دیا گیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت میں دوسری بار 2 بجے تک وقفہ کر دیا گیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام اباد میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی۔عمران خان کے جونیئر وکیل سردار مصروف خان، محسن شاہنواز رانجھا اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت پیش ہوئے۔جج ظفر اقبال نے عمران خان کے وکیل سے سوال کیا کہ عمران خان آج بھی پیش نہیں ہو رہے کیا؟عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ عمران خان کی پیشی کا مجھے معلوم نہیں، تاہم لیگل ٹیم کچھ دیر میں آ جائے گی۔جج نے سوال کیا کہ آپ کے پاس عمران خان کی کچہری پیشی کی کوئی انفارمیشن نہیں؟وکیل سردار مصروف خان نے کہا کہ عمران خان کی سینئر لیگل ٹیم 10 بجے عدالت پیش ہو گی۔جج ظفر اقبال نے پھر استفسار کیا کہ عمران خان کے ضامن پیش نہیں ہوئے؟عمران خان کے وکیل نے کہاکہ ضامن کو کیسے نوٹس کرسکتے؟ طریقہ کار مکمل نہیں ہوا۔جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ضامن پابند ہیں کہ عمران خان عدالت پیش ہوں۔عدالت نے اس سے قبل سماعت میں 10 بجے تک وقفہ کیا تھا۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی پیشی کا صبح صبح بتا دیا کریں، وقت کیوں ضائع کرتے ہیں۔وکیل شیر افضل مروت نے عدالت میں پیش ہو کر کہا ہے کہ وکالت نامہ ایک دو دن تک دے دیتا ہوں۔وکیل شیر افضل مروت نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی لیگل ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود ہے۔ اگلے ہفتے کوئی تاریخ دے دیں، جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی طلبی کے لیے سماعت چل رہی ہے۔ وکیل شیرافضل مروت نے کہا کہ عمران خان کی صحت خراب ہے، معذوری کی حالت ہے، دنیا میں عمران خان سے متعلق تماشہ چل رہا ہے۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ ضامن کو عدالت نوٹس کرے اور شورٹی کو کینسل کیا جائے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل کی جانب سے 9 مارچ تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔جج نے وکیل شیر افضل مروت پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا وکالت نامہ پہلے آنا چاہیے، بات بعد میں ہونی چاہیے۔جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے وکیل نہیں آئے، کیا کریں اس کا؟ میں نے انتظار بھی اس لیے کیا کہ شاید اسلام آباد ہائی کورٹ کا کوئی فیصلہ آ جائے گا، اگر صورتحال یہی رہنی ہے تو کوئی فیصلہ کر دیتے ہیں، عمران خان خود بھی ابھی تک ذاتی طور پر پیش نہیں ہوئے۔جج نے عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت کو وکالت نامہ جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ 11 بجے عمران خان کی جانب سے وکالت نامہ دے دیتا ہوں۔



















