دہشتگرد دھرتی کا بوجھ ،اتحاد کی طاقت سے خاتمہ کریں گے،محسن نقوی
کراچی،لاہور( بیورورپورٹ،خبر نگار) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہائوس کراچی میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کی،ملک کی مجموعی صوتحال، دونوں صوبوں کے درمیان تعاون بڑھانے، مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں و باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،دونوں رہنماؤں نے سبی میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی،نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاقانون نافذ کرنیوالے اداروں کی لازوال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وطن عزیز کے پائیدار امن کیلئے ہر ایک کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سب کو باہمی اختلافات بھلا کر ایک ہونا ہو گا،گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاعوام متحد ہیں،دہشتگرد مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،دونوں صوبوں کے درمیان تعاون میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے، مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں سے سندھ و پنجاب دونوں کو فائدہ ہوگا،دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم کے مزار پر حاضری دی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار قائدپر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ملکی استحکام، سا لمیت اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا مانگی ، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بانی پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا قائداعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو تمام بحرانوں سے نجات دلائی جا سکتی ہے اور بانی پاکستان کے رہنما اصولوں کو اپنا کر پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے،مزید برآں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کوئٹہ سبی قومی شاہراہ کمڑی پل پر بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا شہادت کا بلند رتبہ پانے والے اہلکاروں کی قربانیو ںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،تمام تر ہمدردیاں شہدا کے لواحقین و زخمیوں کیساتھ ہیں،دہشتگرد دھرتی کا بوجھ ہیں،اتحاد کی طاقت سے خاتمہ کریں گے،علاوہ ازیںنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سرائیکی کلچر ڈے پر اپنے پیغام میں سرائیکی علاقے میں بسنے والے بہن بھائیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا اجرک سرائیکی ثقافت کی علامت ہے، سرائیکی اجرک سرائیکی ثقافت کے مختلف رنگ سمیٹے ہوئے ہے، سرائیکی کلچر منفرد پہچان رکھتا ہے، سرائیکی زبان کا شیریں لہجہ دلوں کو لبھاتا ہے،سرائیکی علاقے کے لوگ مہربان، محبت کرنے والے اور خیال رکھنے والے ہیں،محسن نقوی نے کہا پنجاب ثقافتی لحاظ سے متنوع صوبہ اور سرائیکی ثقافت پنجاب کی خوبصورت ثقافتوں میں سے ایک ہے۔



















