لیسکو انتظامیہ کی عدم دلچسپی، بجلی چوری روکنا ناممکن ہوچکا، افسران سہولت کاری میں ملوث

لاہور ( خبر نگار ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) انتظامیہ کی عدم دلچسپی اور ناقص حکمت عملی کے سبب لاہور جیسے اہم شہر میں جہاں تمام بڑے افسران بیٹھے ہیں بجلی چوری روکنا ناممکن ہوچکا، بجلی چوری جیسی وارداتوں پر قابو پانے کی بجائے انتظامیہ اس جرم میں بھرپور سہولت کاری فراہم کرتی دکھائی دیتی ہے، لاہور میں موجود اکثر بڑی فیکٹریاں اور کارخانے بجلی چوری کرنے میں ملوث ہیں، جبکہ بجلی چوری کا سارا نقصان معصوم صارفین کو اوور بلنگ کی صورت میں ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ متعلقہ سب ڈویژنز بجلی چوری کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہیں، لاہور کی سطح پر سینکڑوںایسی فیکٹریاں موجود ہیںجو ماہانہ ہزاروں یونٹ سے زائد کا استعمال کر رہی ہیں مگر متعلقہ سب ڈویژن سے ساز باز کر کے بجلی چوری کی جاتی ہے اور ہزاروں یونٹ چمتکاری طور پر سینکڑوں میں بدل دئیے جاتے ہیں تاہم اس کا سارا بوجھ عوام کو بھاری معاوضے کے طور پر ادا کرنا پڑ جاتا ہے تاہم اس کے علاوہ شیڈول سے ہٹ کراوور ریڈنگ کے ذریعے بھی عوام پر مزید بوجھ ڈالا جاتاہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کا معاملہ مشکوک ہونے کی وجہ سے لیسکو انتظامیہ عوام کا خون نچوڑنے پر تلی ہوئی ہے ، بلوں میں بےجا ٹیکس دیکھ کر صارفین کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔چناچہ لیسکو حکام بجلی چوری کو روکنے اور ٹیکسوں کے نظام میں پیچیدگیاں دور کرنے کی بجائے صارفین کو خوار کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے ، اور اس مشکوک سسٹم کے ذریعے کروڑوں روپے کی منتھلیاں اکٹھی کرنے کی دوڑمیں مصروف ہے ۔