(ن) لیگی کارکنوں کیلئے راشن کارڈ کا اعلان ،25فیصد ڈسکاﺅنٹ کی سہولت
لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے پارٹی ورکرز کو راشن کارڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے مخیر حضرات کی وساطت سے پارٹی کارڈ کی بنیاد پر پورے لاہور میں راشن میں 25فیصد ڈسکاﺅنٹ کی سہولت ملے گی، آج بھی مقبولیت نواز شریف کی ہے،2018 میں عمرانی فتنے کولانے والے بھی پچھتا رہے ہیں، جب بھی الیکشن ہوں گے مسلم لیگ (ن) ہمہ وقت تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی آفس نصیر آباد میں کارکنوں کے مسائل سننے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی چوہدری شہباز ،رمضان صدیق بھٹی، سید توصیف شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان، نسیم بانو سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ مجھے جو ذمہ داری دی گئی ہے انشا اللہ پوری کروں گا ۔ ہم نئی تنظیم بنانے جا رہے ہیں پی پی ،یو سی اور وارڈ لیول پر آرگنائزنگ کمیٹیاں بنا رہے ہیں،ہمارا مقصد پارٹی ورکر کو عزت دینے کاہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکروں کو پارٹی کارڈ دیئے جائیں گے جسے راشن کارڈ کا درجہ دیا جائے گا ،پارٹی کے مخیر حضرات کی وساطت سے کارڈ کی بنیاد پر پورے لاہور میں راشن میں 25فیصد سہولت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ جماعت میں موجود خلا کو ختم کیا جائے گا،پرانوں کو اچھے عہدوں پر بٹھائیں گے، نئے جگہ بنائیں گے۔اداروں اور افراد کو کہتا ہوں کہ اپنی اپنی ڈیوٹی دیں، پلستر مین بھی اقتدار کی حوس کو چھوڑ کر ملک کا سوچے ۔ سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ موٹروے، ایٹم بم، ماڈل بازار، انڈرپاس، اوور ہیڈ بریج مسلم لیگ (ن) نے بنائے،سارے کام شیر نے کئے، اگر شیر کے کاموں کو پاکستان کے ڈھانچے سے نکال دیں تو یا ڈھانچہ رہ جائے گا یا اسکا پلستر رہ جائے گا۔عمران خان کی کوئی مقبولیت نہیں، آج بھی مقبولیت نواز شریف کی ہے،2018ءمیں جس کو لایا گیا جو لائے وہ بھی پچھتا رہے ہیں کہ کس کو لے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن کےلئے تیار ہے جب مرضی الیکشن کروائیں۔ایک ساتھ پورے ملک میں الیکشن ہونے چاہئیں ۔



















