پنجاب پولیس کے شہداءقوم کے ہیروزاور محکمے کا فخر ہیں: آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس شہداءاور غازیوں کے خاندانوں کی ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہے اور اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں اتوار کے روز چار شہداءکے لواحقین کو نئے گھروں کی مالکانہ دستاویزات حوالے کیں۔ تقریب میں اے ایس آئی محمد ابو بکر، کانسٹیبلان خالد، عباد علی اور سید عادل حسین کے لواحقین کو گھروں کے کاغذات دئیے گئے۔ تمام شہداءکے لواحقین کو انکی مرضی کے پسند کردہ گھر خرید کر ملکیتی لیٹرز فراہم کئے گئے ہیں۔ ان چار شہداءنے گذشتہ برسوں میں لاہور اور شیخوپورہ میں مختلف مقامات پر فرائض مہ ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔ آئی جی پنجاب نے ایس ایس پی ایڈمن لاہور عاطف نذیر کو شہید کانسٹیبل خالد کے بیٹے کو شہید کوٹے پر فوری محکمہ میں ملازمت دینے کا حکم دیا جبکہ آئی جی پنجاب کے حکم پر لاہور پولیس شہید کانسٹیبل سید عادل حسین کی بیوہ کو پہلے ہی محکمہ میں جونیئر کلرک بھرتی کر چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں چار پولیس شہداءکے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے شہداءقوم کے ہیروز اور محکمہ کا فخر ہیں جن کی قربانیاں ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہداءاور بہادر غازیوں کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور زندگی کے کسی موقع پر انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سمیت یونٹ سربراہان بھی شہدائ، غازیوں اور دوران سروس انتقال کرنے والوں کے ورثاءکو ہر ممکن سہولیات کی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے تمام شہداءکی قبروں کو پولیس فلیگ کا رنگ دینے کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جو انہیں عزت و تکریم اور احترام سے نوازنے کا ایک منفرد اقدام ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہداءسمیت پولیس ملازمین کے بچوں کو بہترین معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ ایم او یو کئے گئے ہیں جس کے تحت شہداءکے بچے سکول اور کالجوں میں فری ایجوکیشن حاصل کر سکتے ہیں۔