راولپنڈی(بیورورپورٹ) راولپنڈی سے رضاکارانہ گرفتاریاں دینے والے زلفی بخاری، صداقت عباسی، فیاض چوہان سمیت پی ٹی آئی کے 47رہنماﺅں اور کارکنوں کو راتوں رات پنجاب کی دور دراز جیلوں میں منتقل کردیا گیا۔جیل بھرو تحریک کے دوران کمیٹی چوک راولپنڈی میں رضا کارانہ طور پر گرفتاریاں دینے والے پی ٹی آئی رہنماﺅں کو گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت نے گھن چکر بناکر رکھ دیا۔ جمعہ کو تحویل میں لیے جانے والے رہنماں اور کارکنوں رات دس بجے تک راولپنڈی پولیس قیدیوں کی گاڑیوں میں سوار کرکے مختلف شاہراوں پر چکر لگواتی رہی۔بعد ازاں پنجاب حکومت کی جانب سے احکامات ملنے پر تمام زیر حراست افراد کو سینٹرل جیل اڈیالہ منتقل کیا گیا لیکن جیل انتظامیہ نے ڈی سی راولپنڈی کی جانب سے ڈیٹینشن آرڈر موصول نہ ہونے پر قیدیوں کی گاڑیوں کو جیل کے مرکزی دروازے پر روک رکھا۔ بعد ازاں ڈی سی راولپنڈی کی جانب سے ڈیٹینیز کے تین ایم پی او کے تحت 30دن تک کے ڈیٹنشن آرڈر موصول ہونا شروع ہوئے۔رات گئے تک سینٹرل جیل اڈیالہ کی انتظامیہ نے ڈیٹینز کو وصول کرکے جیل کی بیرکس میں منتقل کیا تاہم ابھی پی ٹی آئی رہنما و کارکن تمام دن کی تھکن بھی دور نہ کرپائے تھے کہ جیل انتظامیہ نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مبشر ملک کے احکامات کے تحت اسیران کو پنجاب کی دور دراز جیلوں میں منتقلی کا عندیہ دے ڈالا اور صبح پی ٹی آئی کے رہنماﺅں زلفی بخاری، صداقت عباسی، فیاض چوہان، اعجاز خان جازی کو شاہ پور جیل منتقل کردیا جبکہ 41دیگر عہدے داروں اور کارکنوں کو حافظ آباد جیل منتقل کر دیا گیا۔محکمہ جیل خانہ جات کے آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پی ٹی آئی رہنماں و کارکنوں کی دونوں جیلوں میں منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منتقلی آئی جی جیل خانہ جات کے احکامات پر عمل میں لائی گئی ہے۔
فیاض چوہان،زلفی بخاری سمیت درجنوں رہنما کارکن دور دراز جیلوں میں منتقل



















