کہا گیا فلاں کے بھائی کو چھوڑ دو، فلاں کو پکڑ لو،مستعفی چیئرمین نیب

اسلام آباد، لاہور (بیورو رپورٹ خبرنگار) چیئرمین نیب مستعفی جبکہ آفتاب سلطان نے کہا ہے دباؤ کے سامنے نہیں جھکا، کہا گیا فلاں کے بھائی کو چھوڑ دو، فلاں کو پکڑ لو۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے استعفیٰ دیدیا، ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان پر ایک ماہ سے شدید دباؤ تھا۔ ذرائع کے مطابق آفتاب سلطان نے کسی کی خواہش پر کام کرنے سے انکار کیا، وہ نہیں چاہتے تھے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی طرح کا کردار ادا کریں۔ آفتاب سلطان پر کچھ گرفتاریوں کیلئے دباؤ تھا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا استعفیٰ منظور کرلیا، آفتاب سلطان نے وزیراعظم سے ملاقات میں کہا وہ موجودہ ماحول میں کام نہیں کرسکتے، آفتاب سلطان نے کہا کچھ دن پہلے استعفیٰ دیا، مجھے کچھ چیزوں کا کہا گیا جو مجھے قبول نہیں تھیں، میں نے واضح کیا شرائط کیساتھ کام جاری نہیں رکھ سکتا، میرا استعفیٰ قبول کرلیا گیا، اختتام اچھے موڑ پر ہوا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے میرے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا، میری بھی وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان کے اصرار پر وزیراعظم نے استعفیٰ منظور کیا،
وزیراعظم نے آفتاب سلطان کی فرائض کی انجام دہی میں ایمانداری اور فرض شناسی کی تعریف کی۔
دریں اثناء سابق چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) آفتاب سلطان نے نیب ہیڈکوارٹر میں اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ اپنے کام میں مداخلت برداشت نہیں کرتا،
مجھے کہا گیا فلاں کے بھائی کو چھوڑ دو، فلاں کو پکڑلو، اسکے پاس ایک پلاٹ ہے، اپنی اربوں روپے کی پراپرٹی باہر ہے اور ایک پلاٹ والے کو پکڑ لوں؟ بہت خوش اور مطمئن، اصولوں کو برقرار رکھنے کے قابل ہوں اور کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکا،
اپنی زندگی و پیشہ وارانہ کیرئیر میں قانون کے مطابق فرائض سرانجام دئیے، اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، آئین تمام مسائل کا حل فراہم کرتا ہے،
آفتاب سلطان نے کہا آئین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے سیاسی و معاشی بحران کا شکار ہیں، ہر سیاسی حکومت کو عوام کا مینڈیٹ ہوتا ہے، وہ 5 سالہ مدت پوری کرے اور کوئی فرد یا گروہ قومی مفاد کے نام پر حکومت کو ہٹانے کا مجاز نہیں،
سیاسی عمل و انتخابات کا تسلسل ضروری ہے، میں کسی کیخلاف جھوٹا مقدمہ نہیں چلا سکتا اور نہ ہی کسی کیخلاف قائم ریفرنس محض اس بنیاد پر ڈال سکتا ہوں کہ مجرم کسی بڑے شخص کا رشتہ دار ہے،
اعلیٰ اخلاقی اقدار و قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کیلئے نیب کے نوجوان افسروں پر مکمل اعتماد ہے۔ آفتاب سلطان نے کہا کہ نیب افسروں سے کہتا ہوں آئین کو مانیں، اداروں کی بات نہ سنیں، میں نے نیب کو ایمانداری سے چلایا، کسی کی مداخلت کو نہیں مانا، کہا جاتا تھا ایک ایک پلاٹ والے کو اندر کردو جبکہ اربوں لوٹنے والے باہر ہیں، نیب افسر غیرقانونی و غیرآئینی احکامات نہ مانیں،
کسی کی مداخلت برداشت نہ کریں اور ڈٹ کر آزادی سے کام کریں، نیب کے 99 فیصد لوگ اچھے ہیں ایک فیصد میں مسئلہ ہے، کچھ لیکر آیا تھا نہ ہی کچھ لیکر جا رہا ہوں،
ملک کے 2 صوبوں میں آئین کے مطابق انتخابات کرائیں اور آنیوالی نئی حکومتوں کو تسلیم کریں۔ واضح رہے آفتاب سلطان کا تعلق پولیس سروس پاکستان سے ہے اور وہ گریڈ 22 کے افسر ہیں،
ڈی جی آئی بی سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی تعینات رہے۔ 21 جولائی 2022ء کو چیئرمین نیب لگایا گیا، 25 جولائی 2022ء کو بطور چیئرمین نیب عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔