سب میں تیس مار خان ہونے کا احساس اتفاق رائے میں رکاوٹ ہے،صدر مملکت

حیدرآباد(بیورورپورٹ)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے ملک کے موجودہ نہایت خراب حالات میں چارٹر آف اکانومی سمیت اہم قومی ایشوز پر حکومت و حزب اختلاف میں اتفاق رائے اہم ضرورت ہے ،مسلسل کوششیں کرتا آ رہاہوں مگر سب میں تیس مار خان ہونے کے احساس و انا پرستی کے باعث کوئی باہم مشورے کی ضرورت محسوس نہیں کرتا، رویہ ٹھوس قومی پالیسیوں کی تشکیل و تسلسل میں بڑی رکاوٹ ہے، ہر قسم کے حالات میں آئین و قانون کی بالادستی اور وقت پر انتخابات کا انعقاد جمہوریت کا تقاضا ہوتے ہیں ورنہ 90روز میں انتخابات کا وعدہ ہونے میں بعض مرتبہ 11سال لگ جاتے ہیں، ملک کے موجودہ حالات کا فیز عارضی ہے معاشی ترقی میں آئی ٹی کا شعبہ اس وقت بین الاقوامی سطح پرسب سے اہم ہے جس پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، پاکستان میں اتنا ٹیلنٹ ہے پاکستان چند سال میں ترقی کی دوڑ میں بہت آگے نکل سکتا ہے،ان خیالات کااظہارانہوں نے ایوان صنعت و تجارت کے زیر اہتمام سول ایوی ایشن اتھارٹی آڈیٹوریم ایئر پورٹ میں تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔