لاہور:(لیڈرنیوز)لاہور کے علاقے گلبرگ میں شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے کا سامان جل گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے سات گھنٹے بعد آگ پر جزوی طور پر قابو پالیا تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔ لاہور کے علاقے گلبرگ میں گزشتہ رات شاپنگ سینٹر میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے پلازے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شاپنگ سینٹر میں تقریباً 400 دکانیں اور راہداریوں میں ان گنت کاو¿نٹر تھے۔ زیادہ تر دکانیں موبائل فونز، الیکٹرانکس اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی تھیں۔ آگ کے شعلے آسمان کی طرف بلند ہوتے رہے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو آپریشن میں فائر بریگیڈ کی 25 گاڑیوں اور 60 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ پولیس نے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالنے پر پلازہ کے سیکیورٹی انچارج اور ایک ملازم کو حراست میں لے لیا۔ تاجروں نے آگ لگنے کا ذمہ دار انتظامیہ کو ٹھہرایا۔
گلبرگ ‘شاپنگ سینٹرمیں آتشزدگی‘کروڑوں کا سامان جل گیا



















