یوم یکجہتی کشمیر‘فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اُٹھی

اسلام آباد:(لیڈرنیوز)ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں صدر مملکت عارف علوی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ وفاقی وزراءنے بھی شرکت کی۔ بھمبر اور کوہالہ پل پر بھی انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی گئی۔ صدر مملکت عارف علوی، سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے شرکت کی۔ ریلی میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور وزیر مملکت زرتاج گل نے بھی شرکت کی۔ فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اُٹھی۔گورنر پنجاب نے لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقریب سے خطاب کیا۔ چوہدری سرور نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کے شعلے جلا رکھے ہیں۔ کشمیری پابند سلاسل ہیں، ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، کشمیریوں کو آزادی ضرور ملے گی۔پشاور میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں وزیر اعلیٰ محمود خان نے بھی شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت اور جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور بھارتی قبضے سے آزادی تک کشمیری عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔زیارت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی شرکت کی۔ راولپنڈی میں یوم یکجہتی راولپنڈی پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ میرپور آزاد کشمیر میں منگلا اور دھن گلی پل کے مقام پر بھی انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں۔