اسلام آباد:(لیڈر نیوز)چیف جسٹس نے کہا ہے کہ سندھ حکومت میں وائس چانسلر تعینات کرنے کی صلاحیت بھی نہیں ہے۔سپریم کورٹ نے پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ کے وائس چانسلر کی تقرری سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار ڈاکٹر شمس الدین کے وکیل نے کہا کہ آج امیدواروں کا انٹرویو کیا جا رہا ہے۔عدالت نے دو ماہ کے اندر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ یہ صوبہ سندھ کی بدقسمتی ہے کہ ایک بھی وائس چانسلر مقرر نہیں کیا جا سکا۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ وہ اپنا بندہ خود مقرر کرنا چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کمیٹی نئے قوانین نہیں بنا سکتی۔ڈاکٹر شمس الدین نے تقرری کے عمل میں شامل ہونے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ عدالت نے 14 اکتوبر 2020 کو پیپلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کا حکم دیا تھا اور اس عہدے کے پہلے اشتہار کے تحت کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
#Sindh government does not even have the capacity to appoint a Vice Chancellor #Chief Justice of Pakistan Gulzar Ahmed



















