اسلام آباد:(لیڈر نیوز) صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ کارروائی کی۔ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر 5 اگست 2019 کو غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ آپریشن شروع کیا۔بھارت نے اپنی ان کارروائیوں سے مقبوضہ علاقہ میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی،بھارت کی ان کارروائیوں کی بین الاقوامی میڈیا اورانسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے بھی شدیدمذمت کی گئی،بھارتی اقدام چوتھے جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔صدر نے کہا کہ بھارت کے ان اقدامات کا مقصد کشمیری عوام کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم کرنا ہے۔ بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔ بھارت کے یہ غیر قانونی اقدامات بڑھتے ہوئے ہندو فاشزم کا مظہر ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔عارف علوی نے کہا کہ یہ دن عالمی برادری کو بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف جنگی جرائم کے لیے جوابدہ ہونے کی یاد دلاتا ہے ، یہ دن عالمی برادری کو کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی بھی یاد دلاتا ہے۔
#Kashmir issue is essential for peace in South Asia #leader news #President Arif Alvi #India launched a unilateral operation in illegally occupied Jammu and Kashmir



















