کورونا کا خطرہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ بڑھ گیا ‘اسدعمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا خطرہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ بڑھ گیا ہے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق 16 مئی تک ٹرانسپورٹ کی بندش سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ، لیکن کورونا وائرس کا خطرہ پہلے سے کہیں زیادہہے ۔ چونکہ فیصلہ ناگزیر تھا لہذا عوام کو کورونا کی پہلی لہر کی طرح احتیاط برتنی چاہئے۔این سی او سی کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کے پڑوسی ممالک میں کورونا کیسز کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے ، نیپال میں کورونا کیسز کی تعداد روزانہ 7 ہزار سے زیادہ تک جا پہنچی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ بھارت میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 400 تک جا پہنچی ہے۔ پوری دنیا بھارت کی صورتحال سے واقف ہے۔ وہاں کی وبا کی صورتحال عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔ ہندوستانی اسپتال بھرا ہوا ہے اور بہت سی جگہوں پر آکسیجن کی کمی ہے۔ ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔