اوورسیز پاکستانیز کیخلاف نیب کی کارروائی غیرقانونی قرار

اسلام آباد:نیب نے 4 سال بعد اوورسیز پاکستانی کے خلاف انکوائری بند کردی۔میڈیا کے مطابق پاکستان میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے والے اوورسیز پاکستانی کے خلاف نیب انکوائری 4 سال بعد بند کردی گئی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی راجہ ظفر عباسی نے 74 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جس پر نیب نے انکوائری شروع کردی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کے خلاف نیب پنڈی کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی کا نیب کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔عدالت کا کہنا تھا کہ بغیر ثبوت کے اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کے خلاف نیب کا عمل بدنیتی پر مبنی ہے ، نیب حکام نے اوورسیز پاکستانی کو تین سال کے لئے الجھایا اور آخر کار انکوائری بند کردی ، نیب حکام نے اوورسیز پاکستانی کے خلاف کارروائی کرکے ادارے کا قیمتی وقت ضائع کیا۔