لاہور (میاں ذیشان) محکمہ بورڈ آف ریونیو پنجاب میں عرصہ دراز سے خالی نائب تحصیلداروں کی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے بعد صوبے بھر کے سرکاری ملازمین میں نئی امید کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بورڈ آف ریونیو پنجاب نے 12 فیصد منسٹریل کوٹہ کے تحت نائب تحصیلداروں کی بھرتیوں کے لئے تمام کمشنرز کو فوری ریکوزیشن ارسال کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، جبکہ اس اقدام کو ریونیو نظام میں انتظامی بہتری اور خالی آسامیوں کے خاتمے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کےمطابق محکمہ ریونیو میں طویل عرصے سے ترقیوں اور بھرتیوں کا عمل سست روی کا شکار تھا جس کے باعث انتظامی معاملات متاثر ہو رہے تھے، تاہم اب حکومت پنجاب نے اس اہم معاملے پر پیش رفت کرتے ہوئے بھرتیوں کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی پالیسی اختیار کر لی ہے۔ بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے مراسلے میں صوبہ بھر کے تمام کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پنجاب ریونیو ڈیپارٹمنٹ (ریونیو ایڈمنسٹریشن پوسٹس) رولز 2009ءکے تحت 12 فیصد منسٹریل کوٹہ میں آنیوالی نائب تحصیلداروں کی خالی آسامیوں کیلئے جلد از جلد ریکوزیشن پنجاب پبلک سروس کمیشن کو بھجوائی جائے تاکہ تقرریوں کا عمل تیز کیا جا سکے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ متعلقہ ڈویژنز اپنی اپنی حدود میں موجود خالی آسامیوں کی مکمل تفصیلات مقررہ پی پی ایس سی فارم پر فراہم کریں اور تمام کوائف پی پی ایس سی کی ہدایات کے مطابق مکمل ہونے چاہئیں تاکہ مزید کارروائی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ صوبہ بھر میں نائب تحصیلداروں کی متعدد نشستیں خالی ہونے کے باعث ریونیو سسٹم شدید دباﺅ کا شکار تھا اور سائلین کو انتقالات، فردات، رجسٹریوں اور دیگر لینڈ ریکارڈ معاملات میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ محکمہ ریونیو کے افسران کے مطابق بھرتیوں سے نہ صرف انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی بلکہ ریونیو امور میں شفافیت اور سروس ڈیلیوری کے معیار میں بھی بہتری آئیگی۔ دوسری جانب ریونیو ملازمین کی تنظیموں نے بھی بورڈ آف ریونیو کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیوں اور بھرتیوں کے عمل کو مکمل شفافیت کے ساتھ جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ اہل ملازمین کو میرٹ کے مطابق آگے بڑھنے کے مواقع میسر آ سکیں۔ مراسلے میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ڈویژنز دو ہفتوں کے اندر ریکوزیشن مکمل کرکے ارسال کریں تاکہ پنجاب پبلک سروس کمیشن بھرتیوں کے اگلے مراحل کا آغاز کر سکے۔
محکمہ بورڈ آف ریونیو پنجاب ، عرصہ دراز سے خالی نائب تحصیلداروں کی آسامیوں پر بھرتی کا عمل تیز کرنیکا فیصلہ



















