علی لاریجانی بیٹے سمیت شہید، بدلے میں ایران کے اسرائیل پر خوفناک حملے

تہران (مشرق نیوز) ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی اپنے بیٹے مرتضیٰ لاریجانی سمیت اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق کہ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی اپنے بیٹے مرتضیٰ لاریجانی اور معاون علی رضا سمیت اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے، ان کی شہادت کا واقعہ تہران میں پیر اور منگل کی درمیانی رات ساڑھے 3 بجے پیش آیا۔

اس سے پہلے علی لاریجانی کے سوشل میڈیا اکاونٹ سے ہاتھ سے لکھا پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا، اسرائیل نے گزشتہ روز علی لاریجانی اور بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق سکیورٹی کونسل میں خدمات انجام دینے سے پہلے علی رضا ایران کی حج و زیارت تنظیم کے سربراہ رہ چکے تھے اور اس سے قبل ملک کے سکیورٹی اداروں میں بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔

ایران کی قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی کی شہادت کے بعد سابق سیکرٹری سعید جلیلی کے عارضی طور پر علی لاریجانی کی جگہ لینے کا امکان ہے۔ علی لاریجانی کو سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے نامزد کیا تھا، ان کے ساتھ نیشنل سکیورٹی کونسل کے سابق سیکرٹری سعید جلیلی بھی شامل تھے۔ امکان ہے کہ عارضی طور پر سعید جلیلی شہید علی لاریجانی کی جگہ لیں گے، جب تک نئے ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کونسل میں اپنے نمائندے نامزد نہیں کر دیتے۔

دوسری طرف ایران نے اپنے سکیورٹی چیف علی لاریجانی کی شہادت کے بعد اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی جس میں درجنوں ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ’آپریشن وعدہ صادق 4‘ کے تحت اسرائیل کے خلاف حملوں کی 61 ویں لہر شروع کی گئی جس میں مختلف قسم کے میزائل داغے گئے۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ 100 سے زائد فوجی اور سکیورٹی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ان حملوں میں کلسٹر وارہیڈز والے میزائل بھی استعمال کئے گئے۔ رپورٹس کے مطابق تل ابیب میں سینکڑوں گاڑیاں تباہ ہو گئیں، کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق ان حملوں میں کم از کم 2 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ مزید نقصانات کی تفصیلات سامنے آرہی ہیں۔