تہران، بغداد، واشنگٹن (مشرق نیوز) ایران پر امریکی اسرائیلی جارحیت سترہویں روز میں داخل ہو گئی، تہران میں کئی مقامات پر دھماکے ہوئے، جوابی حملوں کی 57 لہر نے اسرائیل میں تباہی مچا دی، عراق میں امریکی سفارتخانے پر پھر راکٹ و ڈرون حملے کئے گئے، اماراتی گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ ہو گیا، ایران میں شہادتیں 1500 سے تجاوز کر گئیں، لبنان میں 900 کے قریب شہری شہید ہو چکے ہیں۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے نیٹو ارکان اور دوسری طاقتوں سے کی گئی اپیل رائیگاں گئی، جاپان، جنوبی کوریا، فرانس، آسٹریلیا، جرمنی اور برطانیہ کے بعد یورپی یونین نے بھی اپنا جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شکوے شکایات پر اتر آئے۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے دو ٹوک کہا ہے کہ آبنائے ہرمز دشمنوں کیلئے بند رہے گی، امریکہ کے ساتھ بات چیت میں کوئی دلچسپی نہیں نہ جنگ بندی کیلئے کوئی بات کی ہے، ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی نے مسلم ممالک کے نام کھلا خط لکھا ہے اور امریکی اسرائیلی جارحیت کے خلاف ساتھ نہ دینے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی افواج اور ایرانی حامی گروہ آمنے سامنے آ گئے، عراقی علاقے جدیریہ میں ایرانی حامی گروہ کے زیر استعمال ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ پاسداران انقلاب نے بتایا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کا ایرانی شہر اراک پر حملہ،ایک ہی خاندان کے 4 افراد شہید ہو گئے، شہداءمیں تین دن کا نومولود بچہ اور ایک دو سال کی بچی بھی شامل ہیں۔ حملہ گھر پر کیا گیا جس میں بچوں کی والدہ اور دادی بھی جان سے گئیں، 28 فروری سے جاری حملوں میں اب تک 1444 افراد شہید، 18 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
قطری وزارت داخلہ کے مطابق قطری دارالحکومت دوحہ میں متعدد دھماکے سنے گئے، میزائل کا ملبہ گرنے سے انڈسٹریل زون میں آگ لگ گئی۔ میزائل کا ملبہ گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، یو اے ای پر بھی ایران کے امریکی فوجی اڈوں پر جوابی حملے جاری ہیں، دفاعی نظام میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کر رہا ہے۔
جنوبی بیروت میں اسرائیل نے شدید فضائی حملے کیے، اسرائیلی حملوں کے بعد دھوئیں کے گہرے بادل فضا میں بلند ہوئے، کئی افراد شہید اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیل کی زمینی کارروائی شروع ہو گئی، حزب اللہ کی جانب سے شدید مزاحمت کی جا رہی ہے۔
ایرانی میزائلوں نے اسرائیل میں تباہی مچادی، متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، تل ابیب میں کئی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں، درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ بیت شمیش پر بھی میزائل داغے گئے، اسرائیل میں ہلاک فوجیوں اور شہریوں کی تعداد 15 ہوگئی، جنگ کے آغاز سے اب تک 3350 فوجی اور شہری زخمی ہونے کی تصدیق کر دی گئی، ہلاکتوں کے معاملے پر اسرائیلی حکام خاموش ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت اسرائیل اور امریکی اہداف پر حملوں کی 57 ویں لہر شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں میں مقبوضہ علاقوں کے مرکزی مقامات کو نشانہ بنایا گیا جن میں کمانڈ، کنٹرول مراکز اور میزائل دفاعی مواصلاتی نظام شامل تھے. اس مقصد کے لیے خیبر شکن، عماد اور قدر میزائل استعمال کئے گئے۔
آئی آر جی سی کے مطابق اسی دوران قطر میں واقع العدید ایئر بیس پر بھی حملہ کیا گیا جہاں امریکی افواج تعینات ہیں، اس کارروائی میں ذوالفقار اور قیام درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ساتھ حملہ آور ڈرونز بھی استعمال کئے گئے۔
بغداد میں امریکی سفارتخانے پر پھر میزائل حملہ، تہران ، دوحہ میں دھماکے، بیروت پر بمباری

















