مریم، نواز کےخلاف چودھری شوگر ملز انکوائری بند ،نیب نے فیصلہ آئینی عدالت میں چیلنج کردیا

لاہور، اسلام آباد (کورٹ رپورٹر+ بیورو رپورٹ) مریم ، نواز شریف کےخلاف چودھری شوگر ملز کیس کی تحقیقات بند ،احتساب عدالت نے کیس کی تحقیقات بند کرنے کی حتمی منظوری دےدی،احتساب عدالت کے جج رانا عارف نے نیب کی تفتیش بند کرنے کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا،عدالت نے کہا کہ نیب لاہور نے قانون کے مطابق چودھری شوگر ملز انکوائری بند کی، مریم نواز 7 کروڑ ضمانت کی رقم واپس لے سکتی ہیں،نیب لاہور کے مطابق مریم ، نواز شریف کیخلاف کرپشن شواہد نہیں ہیں،نیب پراسیکیوٹر انتخاب عالم جوئیہ نے درخواست کے حق میں دلائل مکمل کیے ،وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے جاوید ارشد بھٹی ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے،علاوہ ازیں نیب نے وزیراعلیٰ مریم نواز کےخلاف چودھری شوگر ملز کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کردیا،نیب کی جانب سے وفاقی آئینی عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے لاہورہائیکورٹ نے مریم نواز کےخلاف انکوائری ختم کرنے کے چیئرمین نیب کے اختیار میں مداخلت کی، چوہدری شوگر ملز کیس نجی نوعیت کا ہے، اس میں سرکاری خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور تفتیش میں مریم نواز کےخلاف کرپشن یا کرپٹ پریکٹس کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا،درخواست میں کہا گیا ہے لاہور ہائیکورٹ نے نیب ترامیم کے سیکشن 31 بی (1) کی غلط تشریح کی، چیئرمین نیب کے پاس ریفرنس دائر کرنے سے پہلے کسی بھی کارروائی کو ختم کرنے کا مکمل قانونی اختیار ہے، لاہور ہائیکورٹ نے انکوائری ختم کرنے کو احتساب عدالت کی منظوری سے مشروط کرکے قانون کی خلاف ورزی کی،نیب نے درخواست میں لاہور ہائیکورٹ کا 4 فروری 2026 کا حکم کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔