جنگ کے آغاز کے بعد ایران پر سب سے بڑا حملہ، ہلاکتیں 1300 سے متجاوز

تہران (مشرق نیوز) ایران، امریکہ و اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران ایرانی دارالحکومت تہران پر ایک بار پھر شدید فضائی حملے کئے گئے ہیں جنہیں جنگ شروع ہونے کے بعد اب تک کی سب سے شدید بمباری قرار دیا جا رہا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق چند گھنٹے قبل ہونے والے حملوں میں شہر کے مشرقی، جنوبی اور مغربی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ حملے جنگ کے آغاز کے بعد سب سے طاقتور حملوں میں شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق مجموعی طور اب تک ایران پر حملوں سے اموات 1300 سے تجاوز کرگئی ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق شہر خمین میں امریکی میزائل حملے میں ڈاکٹر حافظ خمینی اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جس سے قریبی رہائشی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ تہران میں رات کے وقت شدید ترین بمباری کی گئی، مشرقی، جنوبی اور مغربی علاقوں میں زور دار دھماکے سنے گئے، تہران کے رسالت اسکوائر کے قریب حملوں میں 40 افراد شہید ہوگئے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی افواج ایرانی میزائل لانچرز کی تلاش جاری رکھیں گے اور جہاں بھی ملیں گے انہیں تباہ کر دیں گے۔

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے جوابی کارروائیوں میں33ویں لہر کے تحت مزید میزائل حملے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ ایک ٹن یا اس سے زیادہ وزن کے بھاری میزائل استعمال کئے جائیں گے۔