حملوں کی نئی لہر،ایران نے سب کچھ کھو دیا،زمینی فوج بھیجنا وقت کا ضیاع ہو گا:ٹرمپ


تہران،واشنگٹن،تل ابیب،لندن،بحرین:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)خطے میں نئی جنگ بے قابو،ایک دوسرے پر تابڑ توڑ وار،حملوں کی نئی لہر شروع،ٹرمپ نے ایران میں زمینی فوج بھیجنے کا امکان مسترد کر دیا۔

پاسداران انقلاب نے اعلان کیا اسرائیل اور امریکی اہداف کےخلاف آپریشن وعدہ صادق 4کی 22ویں لہر شروع کردی ، دشمن کی تنصیبات پر خرمشہر 4 اور فتاح 2 بلیسٹک میزائل فائر کیے گئے ،ایرانی میڈیا کے مطابق خیبر شکن میزائل تل ابیب میں مخصوص اہداف پر داغے گئے ۔

ادھر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے دارالحکومت تہران پر شدید فضائی بمباری کی گئی،رات بھر تہران کے مختلف علاقوں میں زور دار دھماکے سنے گئے، کئی مقامات سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، حملوں میں رہائشی علاقوں کے قریب مقامات اور تہران یونیورسٹی کے اطراف بھی دھماکے ہوئے۔

امریکی فوج کے مطابق امریکی بمبار طیاروں نے گہرائی میں نصب ایرانی بیلسٹک میزائل لانچرز کو نشانہ بناتے ہوئے درجنوں طاقتور پینیٹریٹر بم گرائے،حملے صرف تہران تک محدود نہیں رہے بلکہ شیراز، کرمان شاہ اور اصفہان کے اطراف بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں ،وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے خبردار کیا آنےوالے دنوں میں ایران پر حملوں کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔

دوسری جانب ایران نے ڈیل کیلئے امریکہ کو فون کال کرنے کے امریکی صدر ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کر دیا،وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا سیز فائر نہ مذاکرات ، امریکہ کو کوئی کال نہیں کی،ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا چند ممالک نے ثالثی کی پیشکش کردی،بات جنگ کرنے والوں سے کی جائے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران میں امریکی زمینی فوج بھیجنے پر غور کرنا وقت کا ضیاع ہوگا،امریکی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میںٹرمپ نے کہا فی الحال ایران میں امریکی فوجی بھیجنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں، ایران کے غیر مشروط پر ہتھیار ڈالنے کے علاوہ کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا ایران کےساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوگا سوائے غیر مشروط پر ہتھیار ڈالنے کے ،پھر ایک بہترین اور قابل قبول قیادت کے انتخاب کے بعد امریکہ ، اتحادی ایران کو تباہی کے دہانے سے واپس لانے کےلئے بھرپور کام کریں گے،ایران کو معاشی طور پر پہلے سے زیادہ بڑا، بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا،ایران کا مستقبل شاندار ہوگا۔

علاوہ ازیں اسرائیل نے ایران جنگ کے اگلے مرحلے کے آغاز کا اعلان کر دیا،اسرائیلی آرمی چیف نے کہا سرپرائز دیں گے، سرپرائز کیا ہے ابھی نہیں بتا سکتا، اگلے مرحلے میں بقیہ ایرانی قیادت اور فوجی صلاحیتوں کو ختم کیا جائے گا۔

برطانوی سیکرٹری دفاع جان ہیلی نے کہا برطانیہ بحری جنگی جہاز ایچ ایم ایس ڈریگن اگلے 2 ہفتوں کے اندر قبرص پہنچ جائے گا،قبرص میں کسی دوسرے ملک سے زیادہ لڑاکا طیارے اور معمول کے اہلکاروں کے علاوہ مزید 400 دفاعی ماہرین موجود ہیں۔

ترجمان اقوام متحدہ نے کہا ہے امریکہ اور اسرائیل نے جنگ کے دوران ایران میں 13 طبی مراکز کو نشانہ بنایا، تمام فریقین کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنے پر زور دیتے ہیں۔

دریں اثنا بحرین نے دعویٰ کیا ایران کی جانب سے داغے گئے 78 میزائل اور 143 ڈرون تباہ کر دیئے،بحرینی دفاعی افواج کا کہنا ائیر ڈیفنس سسٹم نے متعدد حملے ناکام بنا دیئے، ایرانی میزائل اور ڈرون حملے شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہے تھے،عرب میڈیا کے مطابق بحرین نے حملوں کو علاقائی امن و سلامتی کےلئے سنگین خطرہ قرار دےدیا۔