لاہور (سروے:خبر نگار/ تصاویر: واحد شہزاد) ماہ مقدس میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے قابو اضافہ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر رہا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں قائم سستے سہولت بازار ہوں یا عام مارکیٹس، پھلوں اور سبزیوں کے نرخ عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔ سرکاری نرخنامے جاری ضرور کئے گئے ہیں مگر عملی طور پر ان پر عملدرآمد دکھائی نہیں دے رہا۔ ڈپٹی کمشنر اور کمشنرز کے اعلانیہ و غیر اعلانیہ دوروں کے باوجود دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اور صارفین خود کو بے بس محسوس کر رہے ہیں۔ عوامی آراءجاننے کیلئے مختلف شہریوں سے گفتگو کی گئی تو سب نے مہنگائی کی موجودہ صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ محمد اعظم کا کہنا تھا کہ ہر سال ماہِ مقدس سے قبل بڑے دعوے کئے جاتے ہیں کہ قیمتیں قابو میں رکھی جائیں گی اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی ہوگی مگر جیسے ہی رمضان شروع ہوتا ہے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگتے ہیں۔ ان کے بقول انتظامیہ کے دوروں کا کوئی عملی نتیجہ سامنے نہیں آ رہا اور عام شہری پس کر رہ گیا ہے۔ نذیر حسین نے کہا کہ سرکاری نرخنامہ محض کاغذی کارروائی بن کر رہ گیا ہے۔ امرود کا سرکاری ریٹ 145 روپے درج ہے لیکن مارکیٹ میں 200 روپے سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر انتظامیہ واقعی سنجیدہ ہوتی تو سرکاری اور مارکیٹ ریٹ میں اتنا واضح فرق نہ ہوتا۔ بشیر احمد نے انار کی قیمتوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخنامے میں انار قندھاری 630 روپے درج ہے جبکہ مارکیٹ میں 850 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر نرخنامہ موجود ہے تو اس پر عملدرآمد کون یقینی بنائے گا؟ معظم علی کا کہنا تھا کہ سب سے اچھے انگور کا سرکاری ریٹ 575 روپے ہے مگر عام مارکیٹ میں 700 روپے کے قریب فروخت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث دکاندار کھلے عام سرکاری احکامات کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ سید ناصف نے خربوزے کی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 250 روپے سرکاری ریٹ ہونے کے باوجود 300 روپے تک وصول کئے جا رہے ہیں۔ انکے مطابق اگر ایک ہی شہر میں دو الگ نرخ چل رہے ہوں تو یہ واضح طور پر نگرانی کے نظام کی ناکامی ہے۔ عمران نے بتایا کہ اعلیٰ کوالٹی کے سیب کا سرکاری ریٹ 400 روپے مقرر ہے لیکن مارکیٹ میں ساڑھے چار سو روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزمرہ کی بنیادی اشیاءبھی عام آدمی کی دسترس سے نکلتی جا رہی ہیں اور شکایات کے باوجود کوئی موثر کارروائی نظر نہیں آتی۔ شکیل نے مالٹے کی قیمتوں پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ 240 روپے سرکاری ریٹ کے برعکس 300 روپے تک وصول کئے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق انتظامی افسران کے دورے وقتی تاثر تو دیتے ہیں مگر عملی تبدیلی دکھائی نہیں دیتی۔ علمدار کا کہنا تھا کہ سستے سہولت بازاروں میں بھی صورتحال مختلف نہیں۔ وہاں بھی معیاری اشیاءمحدود مقدار میں رکھی جاتی ہیں جبکہ عام خریدار کو اکثر خالی ہاتھ واپس جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مستقل نگرانی کا مو¿ثر نظام وضع کیا جائے۔ محمد رافع نے کہا کہ عام دنوں میں مہنگائی کا طوفان قابو میں نہیں آتا، لیکن ماہِ مقدس میں کم از کم ریلیف کی توقع کی جاتی ہے۔ اس بار بھی بڑے دعوے سننے کو ملے مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ان کے بقول منافع خوری روکنے کیلئے فوری اور نمایاں اقدامات کی ضرورت ہے۔ رانا نواز نے کہا کہ انتظامیہ اگر واقعی قیمتوں کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے تو محض فوٹو سیشن سے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو مثالی سزائیں دی جائیں تاکہ بازار میں واضح پیغام جائے۔ شہریوں کا متفقہ مو¿قف ہے کہ جب تک سرکاری نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد نہیں کرایا جائے گا اور مو¿ثر نگرانی کا نظام قائم نہیں ہوگا، تب تک ماہِ مقدس میں مہنگائی پر قابو پانا محض دعوو¿ں تک محدود رہیگا۔
رمضان المبارک میں مہنگائی بے قابو، ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی دعووں پر تک محدود



















