افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا میں تیزی لائی جائے :آئی جی پنجاب/ سیکرٹری داخلہ

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی جاری مہم میں ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں لاہور سمیت صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جیز ساوتھ پنجاب، سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی ایس پی یو، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب اور سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ موجودہ سرحدی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس اور ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر ہائی الرٹ رہے۔ انہوں نے افغانیوں سمیت تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کے عمل میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب اور سیکرٹری داخلہ نے واضح کیا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ باہمی مربوط حکمت عملی کے تحت پنجاب سے تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے فوری انخلا کو یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر قانونی مقیم افراد کو پناہ، روزگار یا کاروبار فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ غیر قانونی مقیم باشندوں کو ہولڈنگ پوائنٹس منتقل کرنے اور عارضی قیام کے دوران سکیورٹی انتظامات ہائی الرٹ رکھے جائیں۔ سیکرٹری داخلہ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ ہولڈنگ پوائنٹس تک منتقلی کیلئے ٹرانسپورٹ، رہائش اور خوراک کے مناسب انتظامات یقینی بنائے جائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کے عمل میں سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی اداروں کی انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن اور ڈیٹا سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کی میپنگ، سکیننگ اور سکریننگ کے مطابق چیکنگ اور شناخت کے عمل کو موثر بنانے کی ہدایت بھی دی۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کو انخلا مہم کے دوران متعلقہ اداروں کے ساتھ مو¿ثر کوآرڈینیشن برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے گزشتہ 11 ماہ کے دوران 32 ہزار 730 سے زائد غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ملک بدر کیا جا چکا ہے جبکہ اس وقت 346 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 12 ہزار 356 مرد، 6 ہزار 673 خواتین اور 13 ہزار 700 بچے شامل ہیں۔ ان میں 10 ہزار 441 افراد کے پاس رہائشی ثبوت، 11 ہزار 98 کے پاس افغان سٹیزن کارڈ جبکہ 11 ہزار 190 افراد مکمل طور پر غیر قانونی مقیم غیر ملکی تھے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی نیکوکارا، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ عمران احمر، اے آئی جی آپریشنز پنجاب اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔