لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر موجودہ ملکی صورتحال اور ہمسایہ ملک کی جانب سے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال، جاری اور مجوزہ سکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ چینی باشندوں، سکھ یاتریوں سمیت غیر ملکی سیاحوں کی سکیورٹی مزید مو¿ثر بنائی جائے۔ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، حساس مقامات، تنصیبات، مارکیٹوں اور سہولت بازاروں کی سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔انہوں نے ہدایت دی کہ بین الصوبائی سرحدی چوکیوں، مذہبی مقامات اور حساس تنصیبات پر تعینات اہلکار انتہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی سرانجام دیں۔ ضلعی افسران، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور دیگر انٹیلی جنس ادارے باہمی مشاورت سے موثر سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں میں ڈرونز کے استعمال کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت عائد حکومتی پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی۔ سپروائزری افسران کو چیکنگ پوائنٹس اور اہم مقامات پر تعینات اہلکاروں کی باقاعدہ بریفنگ کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں اور مارکیٹوں میں خواتین کی حفاظت کیلئے تعینات لیڈی پولیس اہلکار چوکس رہیں جبکہ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر مشکوک گاڑیوں، رکشوں اور لوڈرز پر کڑی نظر رکھی جائے۔ موجودہ ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ اور سرچ آپریشنز بلا تعطل جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ روز کے دوران صوبہ بھر میں 250 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جن کے دوران 6139 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 28 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ان آپریشنز کے دوران شرپسند اور ملک دشمن عناصر کے قبضہ سے ایک کلو سے زائد بارودی مواد، 11 ڈیٹونیٹرز اور 20 فٹ سیفٹی فیوز وائر برآمد کی گئی۔اسی دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 2545 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے جن کے دوران 76 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 509 جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کومبنگ آپریشنز کے دوران ایک کلاشنکوف، 9 رائفلز، 35 پسٹلز، 4 بندوقیں اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے محاسبہ کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز مزید مو¿ثر انداز میں جاری رکھے جائیں۔ دہشتگردی اور شرپسند عناصر کے تدارک کیلئے ڈور ناکنگ کا عمل بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔ دیگر شہروں سے آنے والے مسافروں اور ہوٹلز میں مقیم افراد کی چیکنگ اور شناخت کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی ٹریفک، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ڈویلپمنٹ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
غیر ملکیوں، مذہبی مقامات ، حساس تنصیبات کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے: آئی جی

















