IMFوفد آگیا،تیسرے اقتصادی جائزے کے تحت پرفارمنس ریویو ہوگا، وزیر خزانہ
اسلام آباد،کراچی: (بیورورپورٹ)آئی ایم ایف کا جائزہ مشن 15 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا، کراچی میں سٹیٹ بینک حکام سے ملاقات کی،سٹیٹ بینک حکام نے تکنیکی ڈیٹا شیئر کرتے ہوئے ایکسچینج ریٹ پر لچکدار پالیسی برقرار رکھنے پر بریفنگ دی ،پہلے مرحلے میں کراچی، دوسرے میں اسلام آباد میں مذاکرات ہوں گے، جائزہ مشن مالی سال کے پہلے 6 ماہ (جولائی تا دسمبر) کی معاشی کارکردگی کا جائزہ لے گا، بجٹ کے بنیادی خدوخال جائزہ شیڈول میں شامل ہیں۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ٹیکس ریونیو کے سوا آئی ایم ایف کے بیشتر اہداف حاصل کر لئے ،صوبوں نے مجموعی طور پر 1180 ارب کا کیش سرپلس دیا، کرنٹ اکاونٹ سرپلس رہا ،زرمبادلہ ذخائر پروگرام کے ہدف سے بہتر سطح پر برقرار ہیں۔
دریں اثنا وزیرخزانہ سینیٹر اورنگزیب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آئی ایم ایف کےساتھ تیسرے اقتصادی جائزے کے تحت پرفارمنس ریویو ہوگا،ایف بی آر کے ٹیکس محاصل پر اچھی پوزیشن میں ہیں ،یو اے ای کے ڈیپازٹس روول اوور کا کوئی مسئلہ نہیں۔



















