پرواز کارڈ، راہ روزگار ،سکل ڈویلپمنٹ پورٹل کا آغاز،بغیر سود 3لاکھ روپے کی فراہمی


لاہور: (وقائع نگار)وزیراعلیٰ مریم نوازنے پنجاب کی تاریخ کے پہلے اور منفرد ”پرواز کارڈ“ کا افتتاح کر دیا،اڑھائی لاکھ نوجوانوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ مکمل ،ایک لاکھ 14ہزار سے زائد نوجوان برسرروزگار، 97000 کو پاکستان اور 33000 نوجوانوںکو بیرون ملک روزگار ملا۔

مریم نوازنے منفرد پروگرام”کریٹیوہینڈ“ ”راہ روزگار“اور”سکل ڈویلپمنٹ پورٹل“ کا بھی آغاز کرتے ہوئے ہنر مند نوجوانوں کوپرواز کارڈ کے ذریعے 3 لاکھ روپے تک بلاسود دینے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز سے مختلف فنون سے ٹیکنیکل ٹریننگ مکمل کرنےوالے 90 طلبہ نے ملاقات کی،مریم نواز طلبہ سے نشستوں پر خود جاکر ملیں،متعلقہ علوم کی ٹریننگ ، روزگار کا دریافت کرتے ہوئے طلبہ کے برسرروزگار ہونے پرمسرت کا اظہار کیا،امام مسجد کےساتھ الیکٹریشن کا کورس کرنےوالے طالبعلم کو سراہا ،شاباش دی۔

مریم نواز نے ٹرانس جینڈر طلبہ سے بھی ملاقات کی، ٹرانس جینڈر طلبہ ملکر بے حد خوش ہوئے اور شکریہ ادا کیا،ٹرانس جینڈرز طلبہ نے کہا کوئی انسان نہیں سمجھتا تھا، آپ نے عزت ،مقام دیا،طالبہ نے نظم پیش کی ،وزیراعلیٰ نے طالبہ کی خواہش پر آٹو گراف دیا، طالبہ نے کہا جتنی آپ اچھی ہیں،پنجاب کو بھی اتنا ہی خوبصورت بنا دیا، طلبہ نے مریم نواز کو ہاتھ سے بنی شالیں پیش کیں۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹر پرینیور شپ ڈیپارٹمنٹ کے اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ سے خطاب کیا،مختلف سکلز حاصل کرنے والے طلبہ کی صلاحیتوں ،جذبوں کو سراہا،مریم نواز نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اپنے بچوں کی کامیابیوں کی داستانیں سن کر خوش اور جذباتی ہو گئی،ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، ماں کا دل چاہتا ہے بچوں کی راہ میں آنے والے تمام کانٹے چن لیے جائیں، پنجاب کے خزانے کا ایک ایک پیسہ نوجوانوں پر لگانا چاہتے ہیں،ٹیکنیکل اداروں میں طلبہ کو سکالر شپ ہی نہیں دیتے بلکہ ٹریننگ کے بعد روزگار کا بندوبست بھی کرتے ہیں،حکومت پنجاب کے کونے کونے میں طلبہ کو وسائل و مواقع مہیا کررہی ہے،جاب سیکٹر میں جاب نہ ملے تو ای کامرس ، آئی ٹی کے کورسز سے راستے کھل جاتے ہیں۔

مریم نوازنے کہا میری خواہش ہے بچے کسی شعبے میں پیچھے نہ رہیں،کوئی بچہ ایسا نہ ہوں جو ماں باپ پر بوجھ بنے بلکہ خاندان کےلئے کمانے والا ہوجو بچے بیرون ممالک جانے والے ہیں انہیں بھی مواقع فراہم کریں گے، بیرون ملک پاکستانی ہی مشکل و محنت جاب کرتے ہیں،موجودہ دور میں سکل ہے تو جاب ہے، مارکیٹ تک رسائی کےلئے سب کچھ کرنے کےلئے تیار ہیں، پنجاب میں 2 لاکھ سے زائد بچوں کےلئے بہتر مواقع کے دروازے کھل چکے ،گلف میں ٹیم بھیجی ،پاکستانی نوجوانوں کےلئے جاب مارکیٹ دریافت کی، باہر جانے والے نوجوانوں کے خواب پورے کرنے چاہتے ، لینگویج، آئی ٹی کورسز، الیکٹریشن و دیگر کورسز کرکے سب روزگار کمارہے ہیں،کنسٹرکشن لیب بھی بنا دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاعدنان افضل ، نادر چٹھہ نے ملکر کمال کر دیا،خواتین کےلئے واسا کے ٹینکر گھروں کی دہلیز میں صاف پانی پہنچا رہے ہیں، عوام کےلئے موبائل پولیس سٹیشن ، تھانے نہ جا سکنے والے خواتین کےلئے ورچوئل پولیس سٹیشن بنارہے ہیں،نہیں سننا چاہتی پاکستانی لیبر سستی ہے بلکہ سننا چاہتی ہوں پاکستانی لیبر ہنر مند ہے، پاکستان کی ورک فورس سب سے زیادہ سکلڈ ،یہی مقصد ہے، لوگ سکلڈ ٹریننگ لیکر گھروں میں جاب کرکے 500ڈالر تک کمارہے ہیں،نوجوانوں کو ٹائل فکسنگ، ویلڈنگ ،وایئرنگ و دیگر شعبوں میں ٹریننگ د ی، پرواز کارڈ کے ذریعے ہنر مند نوجوانوں کو ایجنٹ مافیا سے آزاد کررہے ہیں

مریم نواز نے کہاغیر ہنر مند لیبر کو مزدوری ، مشقت کرکے قیمت چکانا پڑتی ، ٹرانس جینڈر کا قصور مختلف پیدا ہونا نہیں، مظلوم ہیں، ٹرانس جینڈر روز گار کمائے حکومت آپ کے ساتھ ہے،نوجوانوں کو دنیا بھر میں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے چاہتے ہیں،پوری دنیا نوجوانوں کو اثاثہ سمجھے، برین ڈرین سے برین گین تک جانا چاہتے ہیں، پرواز کارڈ کے ذریعے بیرون ملک جانے والے ہر ہنر مند نوجوان کی 3لاکھ تک معاونت کریں گے، پاکستان کےلئے ہنرمند نوجوان بہترین ایکسپورٹ ہیں،سکل انفارمیشن سسٹم کے ذریعے سب کو ایک ڈیش بورڈ سے منسلک کر دیا، کسی انسٹی ٹیوٹ میں کیا پڑھایا جارہا ہے اور کیسے نوجوان ٹریننگ کرکے نکل رہے ہیں،مکمل مانیٹرنگ کریں گے، حکومت نوجوانوں کا ہاتھ پکڑ کر ساتھ دے گی تاکہ مشکل نہ ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا مستقبل آرٹی فیشل انٹیلی جنس ہے،سکولوں میں اے آئی لازمی کر دی، پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ نے وزرا کےساتھ اے آئی ٹریننگ سیشن اٹینڈ کیا، اے آئی کے نئے دور میں ہر فیصلہ نالج بیسڈ ہونا چاہیے،پنجاب کے نوجوانوں کو سکالر شپ، لیپ ٹاپ ،کروم بکس دے رہے ہیں،نوجوانوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ کے بعد بنیادی رقم بھی دیں گے، نوجوان آگے بڑھیں حکومت پنجاب آپ کے ساتھ ہے،حکومت آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی، ہر بیٹی خواب دیکھے مریم نواز پورے کرے گی ایسے پنجاب کا خواب دیکھتی ہوں جہاں ہر چیز پر”میڈ ان پنجاب“ لکھا ہوں،تمام ہنرمند نوجوان ملک و قوم کی خاطربنیان مرصوص کی طرح کھڑے اور ریاست مخالف سرگرمیوں ،منشور سے دور رہیں۔

مریم نواز نے کہا مجھے پاکستان کے نوجوانوں کو صرف ایک چیزچاہیے ملک کی بات آئے تو سب معرکہ حق کی طرح متحد ہوجائیں، آپ کے ہاتھوں میں پٹرول بم نہیں، لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں، آپ نے ملک کے اندر اور بیرون ملک ایمبیسڈر بننا ہے، کوئی کہے آگ لگا دو تو کہو ”نو“ میرا ملک میری ماں اور ماں کیساتھ کوئی غداری نہیں کرسکتا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازسے میانوالی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی،ملکی سیاسی صورتحال،ترقیاتی پراجیکٹس اور امن وامان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز نے کہا سرگودھا کارڈیالوجی سے ضلع میانوالی کے امراض قلب کے مریض بھی مستفید ہوسکیں گے، تاریخ میں پہلی بار پسماندہ،چھوٹے اضلاع سے ہر بڑے پراجیکٹ کا آغاز کررہے ہیں،عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے،ستھرا پنجاب پروگرام کودنیا کاسب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام بنارہے ہیں۔

اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا میانوالی کے عوام کےلئے الیکٹروبس کا آغاز کسی معجزے سے کم نہیں،میانوالی میں بیوٹیفکیشن اور ستھرا پنجاب پراجیکٹ سے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ۔