لاہور(نوید چودھری)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ستھرا پنجاب اتھارٹی میں انضمام کا عمل آخری مراحل میں ہے تاہم دوسری طرف کمپنی میں انسورسڈ ورکرز کی تنخواہوں میں کٹوتیوں اور بغیر پیشگی اطلاع ملازمتوں کے خاتمے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ہزاروں آپریشنل ورکرز کو مرحلہ وار ملازمت سے فارغ کیا گیا جبکہ متعدد ملازمین کی ایک ماہ یا اس سے زائد کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ کمپنی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آ سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں ملازمین کو فارغ کرنے کا عمل نہ تو کسی پیشگی نوٹس کے تحت کیا جاتا ہے اور نہ ہی اس کیلئے متبادل انتظامات کئے جاتے ہیں۔ یکمشت سینکڑوں ورکرز کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا جاتا ہے اور بعد ازاں انکی واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی سے بھی انکار کر دیا جاتا ہے۔ گزشتہ برس کم و بیش تین ہزار ورکرز کو اسی طرز پر نوکری سے نکالا گیا جبکہ ان کی کم از کم ایک ماہ کی تنخواہ روک لی گئی جس سے متاثرہ ملازمین شدید مالی دباو کا شکار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق کمپنی میں نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کے ساتھ بھی یہی رویہ اختیار کیا جاتا رہا ہے، جہاں آدھ ماہ یا اس سے زائد عرصے کی تنخواہیں ادا کئے بغیر ان سے مکمل ڈیوٹیاں لی جاتی ہیں۔ چھٹیوں، حاضری اور مبینہ ٹیکنیکل غلطیوں کے نام پر کٹوتیاں معمول بن چکی ہیں جبکہ ان کٹوتیوں کے خلاف نہ کوئی موثر شکایتی نظام موجود ہے اور نہ ہی متاثرہ ورکرز کو سنے جانے کا موقع دیا جاتا ہے۔ ایک محتاط تخمینے کے مطابق صرف تنخواہوں کی ضبطگی اور غیر قانونی کٹوتیوں کی مد میں کمپنی نے گزشتہ سال ملازمین کا تقریباً 6 کروڑ روپے تک کا حق کھایا ہے۔ اسکے برعکس ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ افسران کے ”اللے تللوں“ پر ہر ماہ کروڑوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں جس سے ادارے کے اندر دوہرے معیار کی واضح تصویر سامنے آتی ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ صفائی کے نظام کو چلانے والے ورکرز کو غیر محفوظ، غیر یقینی اور کمزور ترین طبقہ سمجھ کر برتا جا رہا ہے جبکہ تمام سخت فیصلوں کا بوجھ انہی پر ڈالا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر یہی انتظامی طرز عمل ستھرا پنجاب اتھارٹی میں بھی منتقل ہو گیا تو نئے ادارے کو ابتدا ہی سے عوامی اعتماد اور انتظامی کارکردگی کے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کمپنی کے ان اقدامات نے اس دعوے کو بھی مشکوک بنا دیا ہے کہ انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کیساتھ عملی اصلاحات بھی کی جا رہی ہیں۔ نتیجتاً اگر ملازمین کے واجبات کی ادائیگی، روزگار کا تحفظ اور شفاف پالیسی سازی کو ترجیح نہ دی گئی تو ستھرا پنجاب اتھارٹی بھی محض نام کی تبدیلی ثابت ہو گی، جبکہ زمینی سطح پر وہی پرانے مسائل اور پرانی شکایات برقرار رہیں گی۔
موقف کیلئے رابطہ کیا گیا تو جنرل منیجر آپریشنز لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی الطاف حسین جو اس سے قبل جنرل منیجر ہیومن ریسورس کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکے ہیں، نے بتایا کہ کمپنی میں ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا طریقہ کار واضح ہے۔ ان کے مطابق ایک طریقہ یہ ہے کہ ملازمین کو ہر ماہ کی 15 تاریخ سے قبل تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں جبکہ دوسرا طریقہ 15 تاریخ کے بعد کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ملازمین 15 تاریخ کے بعد فارغ ہوتے ہیں اگر ان کی تنخواہ اسی تاریخ کے بعد بنتی ہے تو وہ اس ماہ کی مکمل تنخواہ کے حقدار نہیں ہوتے۔ الطاف حسین کے مطابق اس میکنزم کے تحت کسی ملازم کی تنخواہ بلاجواز نہیں روکی جاتی اور تنخواہوں کی ضبطگی سے متعلق الزامات محض پراپیگنڈا ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوئی ملازم اگر یہ ثابت کر دے کہ اس کو نوکری سے نکالتے وقت اس کی تنخواہ ادا نہیں کی گئی جو حقیقی معنوں میں بنتی تھی تو ادارہ ذمہ دار ہے۔
ایل ڈبلیو ایم سی، ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی، بغیر پیشگی اطلاع ملازمتوں کا خاتمہ



















