ٹیکنوکریٹ کمیٹی کاقیام خوش آئند، آزاد فلسطینی ریاست کی ضرورت ہے،مسلم ممالک

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) پاکستان، سعودیہ سمیت 8 ممالک نے فلسطینی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے قیام کو خوش آئند قراردےدیا، کمیٹی سلامتی کونسل قرارداد 2803 کے تحت عبوری انتظامی ڈھانچے کے طور پر قائم کی گئی جو جامع امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہے اور فلسطینی اتھارٹی کے تعاون سے کام کرے گی۔

پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکی، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا کمیٹی کا قیام غزہ میں روزمرہ امور کے انتظام کو بہتر بنانے اور غرب اردن ،غزہ کے ادارہ جاتی و جغرافیائی ربط کو برقرار رکھنے کےلئے اہم قدم ،غزہ کی وحدت کو برقرار رکھنا اور تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنا بنیادی اصول ہے، وزرائے خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا بھی خیرمقدم کیا اور غزہ میں جنگ بندی کےلئے کوششوں کو سراہا۔

مشترکہ بیان میں صدر ٹرمپ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا امریکی صدر کی کوششوں سے غزہ میں جنگ کے خاتمے، اسرائیلی فوج کے انخلا، مغربی کنارے کے الحاق کی روک تھام اور خطے میں امن کے فروغ کی راہ ہموار ہوئی ،جنگ بندی کو مضبوط بنانے، خلاف ورزیوں کے خاتمے اور غزہ میں انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی یقینی ،تعمیر نو ،بحالی کے ابتدائی اقدامات شروع کرنے اور فلسطینی اتھارٹی کی واپسی کا راستہ ہموار کیاجائے۔

وزرائے خارجہ نے کہا دیرپا اور جامع امن کےلئے اقوام متحدہ قراردادوں، عرب امن منصوبے اور دو ریاستی حل کے مطابق فلسطینی علاقوں سے قبضے کے مکمل خاتمے اور 1967 کی سرحدوں پر مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت ہے۔