پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ اسرائیل، بھارت کی پراکسی ہے: رانا تنویر

شیخوپورہ (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں بلکہ اسرائیل اور بھارت کی پراکسی ہے۔ شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی حکمت عملی نے پاکستان کو دنیا کیلئے اہم بنا دیا، حکومت نے معیشت کو سنبھالا اور تمام معاشی اشاریے مثبت بنا دئیے۔ رانا تنویر حسین نے یہ بھی کہا کہ رواں سال آئی ایم ایف سے چھٹکارے میں کامیاب نہ ہوئے تو مزید سخت شرائط کے ساتھ رجوع کرنا پڑیگا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعت کے طور پر رجسٹر نہیں،اس پارٹی کا نظریہ فسطائی ہے، جو جمہوری روایات کیلئے زہر قاتل ہے، سہیل آفریدی لاہور کی سڑکوں پرگھوم کر پنجاب کی ترقی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ افغان طالبان بھارتی پراکسی نہ بنے تو مذاکرات کریں گے۔