2010 طیارہ حادثہ کیس، نجی ائیر لائن کو 5 ارب سے زائد بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)2010 طیارہ حادثہ کیس میں نجی ائیر لائن کی تمام 8 اپیلیں خارج ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 5 ارب 41 کروڑ 78 ہزار روپے کی رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دےدیا،عدالت نے متاثرین کی 8 اور نجی ایئر لائن کی 8 اپیلوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈاکٹر رسول بخش میرجت نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے طیارہ حادثے میں ہونےوالے نقصانات کےلئے معاوضے کے سول دعوے پر فیصلہ دیا، عدالت نے نجی ائیر لائن کو فی اپیل ایک لاکھ جبکہ مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا،تحریری فیصلے کے مطابق متاثرہ سمیرا نوید چودھری اور دو دیگر کو 143.189 ملین کا ہرجانہ ادا کیا جائے، متاثرہ راشد ذوالفقار اور چار دیگر کو 630.94 ملین رقم فراہم کی جائے، متاثرین میں شامل ایم الیاس کو 1101.868 ملین ہرجانہ دیا جائے،گوہر رحمان کو 507.348 ملین، جنید الزماں حامد کو 996.048 ملین، متاثرین محمد جاوید خان کو 857.025 ملین، سلیمہ راجپوت کو 572.666 ملین اور کرنل (ر) شمیم اختر کو 606 ملین بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ۔

















