لاہور:( کرائم رپورٹر) گمشدگی کا ڈراپ سین ،ڈی ایس پی عثمان حیدر ہی بیوی،بیٹی کا قاتل نکلا، اعتراف جرم کرلیا۔
ڈی آئی جی ذیشان رضا کے مطابق عثمان حیدر نے گھر یلو ناچاقی پر دونوں کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتارا ،بیٹی کی لاش کاہنہ ،بیوی کی لاش شیخوپورہ سے برآمد کرلی گئی،لاشوں کو پوسٹمارٹم کےلئے ہسپتال منتقل کردیا، گرفتاری کے بعد ملزم ڈی ایس پی عثمان حیدر نے اعتراف جرم کرلیا ۔
انویسٹی گیشن ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے 2روز قبل سنگین مقدمے کی تحقیقات ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاون ڈاکٹر ایاز کو سونپی،ایس پی ماڈل ٹاون کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی،تحقیقات کے دوران خصوصی ٹیم نے دہرے قتل کے واقعہ کو ٹریس کیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی عثمان حیدر نے بیوی ،بیٹی کو اپنی ہی گاڑی میں قتل کیا، وقوعہ کے وقت بیوی گاڑی کی فرنٹ سیٹ ،بیٹی بیک سیٹ پر بیٹھی تھی،واقعہ رنگ روڈ کے مقام پر پیش آیا،ملزم نے قتل کے بعد پہلے بیوی کی لاش کو دفنایا ،بعد ازاں بیٹی کی لاش کاہنہ کے علاقے میلہ رام میں چھپا دی، تحقیقات میں انکشاف ہوا ڈی ایس پی عثمان حیدر نے 25 ستمبر کو بیوی ،بیٹی کو قتل کیا ،قتل کے بعد ملزم نے گاڑی کو مکمل طور پر صاف کیا ،شواہد مٹانے کی کوشش کی گئی۔
انویسٹی گیشن ذرائع کے مطابق ملزم کا موقف ہے بیوی ،بیٹی پلاٹ لینے سمیت دیگر مالی مطالبات کر رہی تھیں،بیوی ،بیٹی کے مسلسل مطالبات پر طیش میں آ کر ملزم نے دونوں کو قتل کر دیا،ملزم 2ماہ تک پولیس ٹیموں کو چکر دیتا رہا ،خود ہی بیوی ،بیٹی کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تاکہ کسی کو شک نہ ہو،جائے وقوعہ میں استعمال ہونےوالی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی،شواہد سامنے رکھے جانے پر ملزم زیادہ دیر پولیس کو گمراہ نہ کر سکا اور جرم کا اعتراف کر لیا۔
واضح رہے ڈی ایس پی عثمان حیدر نے 2شادیاں کر رکھی تھیں، مقتولہ عثمان حیدر کی پہلی بیوی ، دوسری شادی کے بعد جھگڑے شروع ہو ئے ، تفتیش میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
گمشدگی کا ڈراپ سین ،ڈی ایس پی عثمان حیدر ہی بیوی،بیٹی کا قاتل ، اعتراف جرم

















