لاہور(قاضی ندیم اقبال)حضرت ابوبکر صدیق ؓنبی کریم کے قریبی یار غار، پہلے خلیفہ راشد اور تمام صحابہ میں سب سے افضل سمجھے جاتے ہیں۔خاص طور پر ایمان، زہد، سخاوت، شجاعت اور سچائی میں سب سے آگے تھے، آپ کو ”صدیق“ کا لقب دیا گیا کیونکہ آپ ؓنے نبی کریم کی ہر بات کی تصدیق کی اور آپؓ کی عظمت پر صحابہ کا اجماع ہے۔اس امر کا اظہارچیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد، خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی رمضان سیالوی اورضلعی خطیب محکمہ اوقاف پنجاب مفتی عمران حنفی نے ”مشرق“ سے گفتگو میں کیا۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ پیغمبر اسلام کے پہلے خلیفہ راشد اور عشرہ مبشرہ میں شامل حضرت ابوبکر صدیق انبیاءاور رسولوں کے بعد انسانوں میں سب سے افضل قرار پائے۔ہجرت مدینہ کے وقت نبی کریم کے رفیق سفر بھی تھے، ابوبکر کے ساتھ صدیق کا لقب بھی لگایا جاتا ہے جسے ابوبکر صدیق کی تصدیق و تائید پر نبی کریم نے عطا فرمایا۔آپ مردوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کرنے والے کہلائے، غزوہ بدر اور دیگر تمام غزوات میں نبی کریم کے ہم رکاب رہے، نبی کریم نے دنیا سے رخصت کے وقت آپ کو مسجد نبوی میں نماز کی امات کا حکم دیا۔آپ نے اسلام اور اس کے بعض فرائض سے انکار کرنے والے عرب قبائل سے جنگ کی، عراق و شام کو فتح کرنے کیلئے لشکر روانہ کیا، آپ ؓ کے عہد خلافت میں عراق کا بیشتر حصہ اور شام کا بڑا علاقہ فتح ہوچکا تھا۔”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبرؓبصیرت و تدبر، عزم و استقلال، وفاداری و فداکاری، ایثار و انفاق کا مرقع خیر، مجسم اسلام کے مردِ مومن کی سچی تصویر تھے۔ وہ ثانی اثنین فی الغار، وہ جانثارِ ذات مصطفی پروانہ شمع رسالت، اسلام کے پہلے خلیفہ راشد، ہر دور میں اہل حق اور متلاشیان راہ حق و ہدایت کیلئے اصحاب رسول میں سے نمونہ کامل کی حیثیت رکھتے ہیں۔مفتی رمضان سیالوی نے ”مشرق“ سے گفتگو میں کہا کہ خلیفہ اوّل سیدنا حضرت ابوبکر صدیق عشق مصطفی کے سمندر میں اپنی ذات کو فنا کر چکے تھے۔ دولت دنیا ان کے سامنے ہیچ تھی۔ اسم محمد لبوں پر مچلتا تو لہو کی ایک ایک بوند وجد میں آ جاتی، ہمہ وقت بارگاہ مصطفی میں سراپائے ادب رہتے، اور سود وزیاں سے بے نیاز ہر وقت حضور کے اشارے کے منتظر رہتے کہ کب حکم ہو اور وہ اپنی جان و مال آقائے دو جہاں کے قدموں پر نثار کریں۔ مفتی عمران حنفی نے ”مشرق“ سے گفتگو میں کہا کہ ہر صحابی جنتی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں تمام صحابہ کرامؓ کیلئے اپنی رضا اور خوش نودی کا اعلان کیا ہے، لیکن بعض ایسے بھی خوش نصیب ہیں، جنہیں نبی کریم نے اپنی زبانِ مبارک سے نام لے کر جنتی ہونے کی بشارت دی، جیسے عشرہ مبشرہ صحابہ کرام ہیں، لیکن سیدنا صدیق اکبر ؓ ان خوش نصیب افراد میں سے ہیں جن کو نہ صرف آپ نے جنتی ہونے کی بشارت دی ہے، بلکہ اس کے ساتھ ساتھ جنت میں اپنا رفیق ہونے کی بھی اللہ تعالیٰ سے درخواست کی۔
خلیفہ اوّل سیدنا صدیق اکبرؓ عشق مصطفی کے سمندر میں اپنی ذات کو فنا کر چکے تھے: علماءکرام



















