ریلوے انتظامیہ قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واگزار کرانے میں ناکام

لاہور(قمر عباس نقوی )پاکستان ریلویز کا ایک لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی میں سے 13ہزار ایکڑ سے زائد مختلف نوعیت رقبہ پر سرکاری و نجی ادارے قابض ،ا نتظامیہ کا قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واگزار کروانے میں ناکام، سندھ کے شہری علاقوں میں تجاوزات کی شرح سب سے زیادہ، پنجاب میں بھی قبضہ کیا گیا ہے۔ پا کستان ریلویز کی ملک بھر میں اراضی اور اس پر قبضہ مافیا کی صورتحال سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار نے ایک بار پھر اس اہم قومی اثاثے کی حالت زار کو نمایاں کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کے پاس مجموعی طور پر تقریباً ایک لاکھ 68ہزار 858 ایکڑ اراضی ہے جسے مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ٹریکس، سٹیشنوں، رہائشی کالونیاں، کمرشل مقامات، زرعی رقبے اور صنعتی زمینیں شامل ہیں تاہم اس وسیع رقبے میں سے تقریباً13ہزار 115 ایکڑ زمین پر مختلف نوعیت کے غیر قانونی قبضوں، تجاوزات، بااثر گروہوں اور بعض سرکاری محکموں کے زیر استعمال ہے۔ قبضہ شدہ زمین کا بڑا حصہ رہائشی اور زرعی نوعیت کا ہے مختلف شہروں میں سالوں سے قائم کچی آبادیاں، دکانیں، ورکشاپس اور غیر قانونی رہائشگاہیں۔ ریلویز حکام کے مطابق پنجاب اور سندھ کے شہری علاقوں میں تجاوزات کی شرح سب سے زیادہ ہے وفاقی حکومت کے بعض اداروں اور دفاعی محکموں کی جانب سے بھی تقریباً 4ہزار ایکڑ کے قریب ریلویز کی اراضی زیر استعمال ہے جس کے بارے میں ریلویز انتظامیہ نے تحریری طور پر حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ یہ زمین کسی باضابطہ لیز کا حصہ نہیں اور اسے “غیر مجاز استعمال” تصور کیا جاتا ہے ریلویز انتظامیہ نے حالیہ برسوں میں اس صورتحال کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک بڑے پیمانے پر اینٹی انکروچمنٹ مہم کا آغاز کیا ہے اس سلسلے میں چاروں صوبوں میں ضلعی اور پولیس انتظامیہ کے تعاون سے کارروائیاں کی گئی ہیں جن کے نتیجے میں گزشتہ پانچ مالی سالوں کے دوران 2500 سے زائد ایکڑ اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے یہ کارروائیاں بڑی حد تک شہری مقامات پر کی گئیں جہاں قبضہ گروہ برسوں سے تعمیرات قائم کئے بیٹھے تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ریلویز نے تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جو کہ ملک بھر میں متعلقہ ڈویژنز اور ریلویز پولیس کے مشترکہ آپریشن سے ہیں۔ مزید اس کی روک تھا م کی خاطرپاکستان ریلویز نے اپنی تمام اراضی کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کر لیا ہے جسے ”پاکستان ریلویز لینڈ مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم“کا نام دیا گیا ہے۔ یہ جدید سسٹم جی آئی ایس اور جیو ریفرنسنگ ٹیکنالوجی کے تحت تیار کیا گیا ہے جبکہ اسے صوبائی ریکارڈ سینٹرز سے بھی منسلک کیا جا چکا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نظام کے بعد نہ صرف قبضوں کی نشاندہی آسان ہو گئی ہے بلکہ نئی تجاوزات روکنے میں بھی مدد مل رہی ہے۔