لاہور (اپنے نمائندے سے) ریلویز انتظامیہ کے صفائی انتظامات بد انتظامی کا شکار، کراچی سے مارگلہ سٹیشن جانے والی گرین لائن ٹرین میں کھٹملوں کی موجودگی نے محکمہ کی کارکردگی کا پول کھو ل دیا۔ مسافروں کی شدید برہمی کا اظہار۔ وفاقی وزیر ریلویز کا مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کے بلند و با دعویٰ انتظامیہ نے کی بد سانتظامی کے باعث کاغذی ثابت ہو رہے ہیں۔ ریلوے سٹیشنوں اور مسافر گاڑیوں کی صفائی ستھرائی کو آﺅٹ سورس کیا گیا تھا جو کہ ناکامی کا سفر طے کررہا ہے۔ اس حوالے سے کراچی سے اسلام آباد جانے والی گرین لائن ایکسپریس میں صفائی کی ابتر صورتحال اور بوگیوں میں کھٹملوں کی موجودگی نے مسافروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا۔ مختلف بوگیوں میں سفر کرنے والے مسافروں نے الزام عائد کیا کہ 10 ہزار روپے سے زائد کا ٹکٹ خرید کر بھی انہیں غیر معیاری اور اذیتناک سفر کرنا پڑا جبکہ متعلقہ حکام شکایات کے باوجود خاموش ہیں۔ مسافروں کے مطابق رات گئے سفر کے دوران متعدد خواتین اور بچوں کو بھی کھٹملوں نے کاٹ لیا جس کے باعث بوگیوں میں چیخ و پکار اور شدید بد نظمی کی صورتحال پیدا ہوئی مسافروں نے بتایا کہ کھٹملوں کی بھرمار کے باعث کئی افراد کو نشستوں پر بیٹھنے کے بجائے گیلری میں کھڑے ہو کر سفر جاری رکھنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن جیسی پریمیئم ٹرین میں اس قدر ناقص صفائی انتہائی افسوسناک ہے۔ کچھ مسافروں نے شکایت کی کہ ٹرین منیجر سے رابطہ کیا گیا تو اس نے ذمہ داری نجی صفائی عملے پر ڈال دی جبکہ نجی عملہ حکومت ریلوے کو ذمہ دار قرار دیتا رہا۔ ان کے مطابق دونوں جانب سے جواب ملتا رہا کہ ”ہمارا کام نہیں، صفائی دوسرے شعبے کی ذمہ داری ہے“ جس نے مسافروں کی پریشانی میں مزید اضافہ کیا مسافروں نے بتایا کہ ریلوے حکام کو ہیلپ لائن اور واٹس ایپ کے ذریعے شکایات درج کرائی گئیں مگر کئی گھنٹوں تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ان کا کہنا تھا کہ بار بار رابطہ کرنے کے باوجود نہ کوئی افسر بوگی میں آیا اور نہ ہی کسی قسم کی مدد فراہم کی گئی۔ مسافروں نے وزیراعظم اور وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا کہ گرین لائن جیسی اہم ٹرین میں انتظامی غفلت کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پاکستان ریلوے کے ترجمان نے اس حوالے سے موقف دیتے ہوئے کہا کہ گرین لائن ٹرین میں کھٹملوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں جس کا فوری طور پر نوٹس لے لیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق متعلقہ ڈویژن کو ہنگامی بنیادوں پر صفائی اور سپرے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ مسافروں کے آرام اور سہولت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ ٹرینوں میں کیڑوں کی افزائش عام طور پر موسمی حالات کے باعث بڑھ جاتی ہے تاہم ایسی صورتحال کی مکمل ذمہ داری متعلقہ شعبہ پر عائد ہوتی ہے جس کیخلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور آئندہ اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
گرین لائن ٹرین میں کھٹملوں کی بھرمار، مسافروں کا شدید اظہار برہمی



















