لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سکول کے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت پر کسی قسم کی بلیک میلنگ قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس ڈرائیونگ کرنا موت اور حادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے خبردار کیا کہ لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ دراصل ”لائسنس ٹو کل“ ہے جو دنیا کا کوئی ملک کسی کو نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کا مقصد یہ نہیں ہو سکتا کہ سکول وینز الٹتی رہیں، معصوم بچے مرتے رہیں اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔ ایسے رویے کی کسی مہذب معاشرے میں گنجائش نہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ والدین مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس نظام کو بدلا جائے، لہٰذا عوامی اور جانی اہمیت کے اس مسئلے پر لئے گئے مثبت اقدام کی حمایت ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور یہ فرض کسی دباو یا ہڑتال کے باوجود ادا کیا جاتا رہے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مہلت دے رہے ہیں لیکن اگر گاڑی بند رکھیں گے تو سڑک پر آنے بھی نہیں دیں گے اور ضبط کر لی جائیگی۔ یہ لوگوں اور بچوں کی جانوں کا معاملہ ہے، اسلئے ذمہ داری کا مظاہرہ ضروری ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ قانون پر عملدرآمد کے سوا کوئی آپشن نہیں، زیرو ٹالرنس پالیسی مسلسل جاری رہے گی۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور نے رحیم یار خان صادق آباد کے علاقے احمد گارڈن میں فائرنگ سے 3 افراد کے قتل کے معمے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او رحیم یار خان کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کی مقتولین میں خورشیدہ بی بی، فرزانہ بی بی اور سفیان شامل ہیں۔ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں جبکہ ڈی پی او رحیم یار خان کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
سکول بچوں کی حفاظت پر کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے: آئی جی پنجاب

















