ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر مقدمات کیخلاف وزیراعلیٰ، گورنر کو خطوط

لاہور (کرائم رپورٹر) بچوں کے محفوظ مستقبل اور سڑکوں پر نظم و ضبط یقینی بنانے کیلئے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں اب کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی جائے گی بلکہ صرف چالان کیا جائیگا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے واضح کیا کہ کم عمر ڈرائیونگ کی صورت میں ایف آئی آر گاڑی کے مالک کے خلاف درج ہوگی، بچے کے خلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنانا چاہتے ہیں اور اسی مقصد کے تحت پالیسی میں نرمی لائی گئی ہے۔ وقاص نذیر نے صوبے کے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کمرشل، پبلک سروس اور سرکاری گاڑیوں کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ کے دوران بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، فیلڈ افسران ڈیوٹی کے دوران باڈی کیم کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے مزید کہا کہ عوامی آگاہی مہم کو تیز کیا جائے، تمام شہروں میں بینرز، بل بورڈز اور اسٹینڈیز فوری طور پر نصب کئے جائیں۔ صوبہ پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے اور قانون سب کیلئے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر نظم و ضبط ہماری اولین ترجیح ہے، اور محفوظ سفر ہی محفوظ پنجاب کی ضمانت ہے۔ دوسری طرف پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر نئے جرمانوں کے اطلاق کے پہلے ہی دن تاریخ کا سب سے بڑا مالی ریکارڈ قائم ہوگیا۔صوبے بھر میں ایک ہی روز میں مجموعی طور پر 13 کروڑ 19 لاکھ روپے کے چالان کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق 40636 ٹریفک چالانز کیے گئے جبکہ 15428 گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں۔ اسی طرح 4388 گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔موٹر وہیکل آرڈیننس میں حالیہ ترامیم کے بعد اب تک 4 لاکھ 4713 چالان کئے جا چکے ہیں جن سے 49 کروڑ 52 لاکھ روپے کے جرمانے وصول ہوئے، جبکہ 63 ہزار گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ جرمانوں میں اضافے کے تناظر میں سسٹم کو سافٹ ویئر اپڈیٹ کر دیا گیا ہے جبکہ کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مقدمات کے اندراج کو صوبے بھر میں روک دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ان اعداد و شمار میں سیف سٹیز اتھارٹی کے ای چالانز شامل نہیں ہیں۔ علاوہ ازیں پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کئے جانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو بھی خط موصول ہونے لگے۔ جوڈیشل ایکٹوازیم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 واپس لینے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنرپنجاب کو خط لکھا۔ خط کے متن کے مطابق پنجاب موٹروہیکل آرڈنینس 2025 غیرآئینی ، آئین کے بنیادی انسانی حقوق کے منافی اور عوامی مفاد کیلئے نقصان دہ ہے، اسمبلی قانون سازی کیلئے فعال ہے پھر گورنر سے آرڈیننس جاری کروانا غیرمنصفانہ ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھاری جرمانوں اور لائسنس معطل کرنے جیسے اقدام انصاف کے منافی ہے، یہ آرڈیننس نوجوان نسل کو شدید متاثر کررہا ہے، حکومت نے آرڈیننس واپس نہ لیا تو اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا جائیگا۔