وائٹ ہاوس کے قریب فائرنگ، 2 نیشنل گارڈز زخمی، مشتبہ افغان حملہ آور گرفتار

واشنگٹن (مشرق نیوز) ترجمان وائٹ ہاوس کے مطابق وائٹ ہاوس کے قریب نیشنل گارڈز پر فائرنگ کی گئی، جس سے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ ترجمان وائٹ ہاوس نے بتایا کہ فائرنگ سے 2اہلکار شدید زخمی ہوگئے، وائٹ ہاوس کو بند کر دیا گیا، واقعہ کی اطلاع پر امدادی ٹیمیں اور سکیورٹی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، ایک مشتبہ شخص کو زخمی حالت میں حراست میں لے گیا گیا ہے۔

وائٹ ہاوس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کو فوری طور پر واقعہ کی مکمل بریفنگ دیدی گئی ہے اور وہ لمحہ بہ لمحہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی نے بھی تصدیق کی ہے کہ مختلف ایجنسیاں مل کر واقعے سے متعلق معلومات اکٹھی کر رہی ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے حملہ آور کو جانور قرار دیا اور کہا کہ نیشنل گارڈ پر حملہ کرنے والا بھاری قیمت چکائے گا۔

رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر بھی پروازوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا، تاہم چند گھنٹوں بعد معمول کی کارروائیاں بحال کر دی گئیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ نیشنل گارڈز کے ممبران پر حملہ دہشت گردی ہے، نیشنل گارڈز پر حملے میں ملوث اس کی قیمت چکائے گا، یہ واقعہ نفرت اور برائی کی علامت ہے، وائٹ ہاوس سے چند قدم کے فاصلے پر نیشنل گارڈزکے اہلکاروں کو گولی ماری گئی، بائیڈن دور میں داخل ہوئے ہر پناہ گزین کی لازمی جانچ ہوگی۔

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا، امریکی حکام کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت 29 سال کے افغان شہری رحمان اللہ لکن وال سے کر لی گئی ، رحمان اللہ 2021 میں امریکہ آیا تھا۔