پالیسی سازی میں تاجر وں سے مشاورت ناگزیر ہے:گورنر پنجاب

لاہور (کامرس رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ گورنر ہاوس بزنس کمیونٹی کیلئے فیسیلی ٹیشن سینٹر ہے اور کاروباری طبقے کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان اعتماد کے فقدان کو ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جب تک پالیسی سازی میں تاجر برادری سے مشاورت شامل نہیں ہوگی، پالیسیاں موثر ثابت نہیں ہوسکتیں۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران عامر سعید میاں، منیب منوں، رانا نثار، کرامت اعوان، شیخ فیاض، عمر سرفراز، علی عمران، عبدالمجید، عمران سلیمی، آمنہ رندھاوا، فردوس نثار اور احد امین ملک بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کو پالیسی سازی کے دوران کاروباری طبقے سے باقاعدہ مشاورت کرنی چاہیے۔ اگر تاجروں کی مشاورت سے پالیسیاں بنائی جائیں تو ٹیکس کلیکشن میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فنانس منسٹر اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین سے ملاقات کرکے بزنس کمیونٹی کا موقف مضبوطی سے پیش کریں گے۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کاروباری لاگت میں مسلسل اور بے تحاشا اضافہ ہے۔ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں بجلی، گیس، شرح سود اور ٹیکسوں کی بلند شرح نے کاروباری ماحول کو شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروباری آسانیوں کے عالمی اشاریے میں بھی بہت پیچھے ہے۔ ایکسپورٹرز کو فائنل ٹیکس رجیم سے نکالنے جیسے اقدامات نے برآمدی سیکٹر کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور خام مال کی مہنگائی کے باعث ملٹی نیشنل کمپنیاں ملک چھوڑ رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اداروں کو دی جانے والی سبسڈیز اور گرانٹس پر ہر سال چودہ سے اٹھارہ ارب روپے خرچ کیے جاتے ہیں، جو آئی ایم ایف سے اب تک موصول ہونے والی قسط سے بھی زیادہ ہیں۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ ٹیکس ریفارمز تاجروں کی مشاورت کے بغیر کی گئیں جس کے باعث کاروباری طبقے کو نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں صرف مالی امداد دینے کے بجائے سکل ڈویلپمنٹ پر توجہ دی جائے اور ملک میں خوراک کی ضروریات پوری کرنے کیلئے نئی زرعی پالیسی کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کی صرف گارمنٹس ایکسپورٹ چالیس بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات بنیادی سیکٹر ہونے کے باوجود سترہ بلین ڈالر سے آگے نہیں بڑھ سکیں۔ ملک کی ترقی کیلئے سیاسی ہم آہنگی ناگزیر ہے اور موجودہ حالات میں معیشت سے بڑھ کر اخلاقی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دس سالہ معاشی منصوبہ تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے غربت میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس پروگرام کے تحت سکل ڈویلپمنٹ پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مشکل صورتِ حال سے گزر رہا ہے کیونکہ اداروں میں وقت کے ساتھ اصلاحات نہیں کی گئیں، تاہم اجتماعی کوششوں سے ملک کو ایک مضبوط اور باوقار ریاست بنایا جاسکتا ہے۔